انتظامیہ حمیرا بی بی کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کی بجائے تحفظ دے رہی ہے، سید الطاف حسین شاہ

بدھ 3 اپریل 2024 21:07

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2024ء) تنظیم تحریک اتحاد السادات پاکستان کے چیئرمین سید الطاف حسین شاہ نے حمیرا بی بی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس قانونی تقاضے پورے کرنے سے قاصر ہے ملزم کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کی بجائے اس کی پشت پناہی کرکے تحفظ دیا جارہا ہے اگر یہ سلسلہ بند کرکے اس کے خلاف قانونی کارروائی نہ کی گئی تو متاثرہ خاندان کی جانب سے انصاف کے لئے وزیر اعلیٰ ہائوس کے سامنے ریڈ زون میں دھرنا دیں گے جس میں ہماری تنظیم بھر پور طریقے سے شرکت کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر سید سیف الرحمن تارن، ڈاکٹر سید ضیاء الدین، سید دائود شاہ ، سید باسط شاہ، پسند شاہ و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ مقتولہ کے سسر احسان شاہ اور شوہر شاکر شاہ نے بی بی حمیرا کو ذاتی رنجش کی بناء پر تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا اور مقتولہ نعش دینے سے بھی گریز کرتے رہے لیکن بعد میں مقتولہ کی مستونگ میں تدفین کردی گئی ہماری تنظیم تحریک اتحاد السادات واقعہ کی بھر پور مذمت کرتی ہے اور ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لاکر ورثاء کو انصاف فراہم کیا جائے اگر قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو کچھی ڈھاڈر اور مستونگ شاہراہوں کو بند کرنے کے ساتھ ساتھ آج وزیرا علیٰ ہائوس کے سامنے ریڈ زون میں دھرنا دیا جائے گا اس دھرنے میں ہماری تنظیم بھی شریک ہوگی اگر پھر بھی انصاف کے حصول کے لئے قانونی تقاضے پورے نہ کئے گئے تو احتجاج کو مزید وسعت دیں گے جس حالات کی تمام تر مہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔