پرویز الٰہی کوضمنی الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے وکلاءکے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ فیصلہ سنایا،عدالت نے ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 4 اپریل 2024 13:04

پرویز الٰہی کوضمنی الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 اپریل2024 ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور رہنماءپی ٹی آئی پرویز الٰہی کو ضمنی الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی ہے ،جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پرویز الٰہی،مونس الٰہی سمیت دیگر کو ضمنی الیکشن کی اجازت دینے کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کی۔عدالت نے ٹریبونل کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کو انتخابات کیلئے اہل قرار دیدیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے وکلاءکے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ فیصلہ سنایا۔پی پی 32 سے چوہدری محمد ارشد نے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی، اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ پرویز الٰہی سمیت دیگر کو الیکشن لڑنے کی اجازت حقائق کے برعکس دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناءسابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی پر غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی مکمل نہ کی جا سکی۔

لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین نے چودھری پرویز الٰہی کیخلاف غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے پرویز الٰہی کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کر دیا گیا۔اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پرویز الٰہی بیمار ہیں وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، سابق وزیراعلیٰ پنجاب واش روم میں گر گئے تھے وہاں انکی پسلیاں فریکچر ہو گئی ہیں۔

عدالت میں اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے جمع کروائی گئی میڈیکل رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ رہنما پی ٹی آئی چودھری پرویز الٰہی سفر نہیں کر سکتے۔واضح رہے کہ عدالت نے فرد جرم کی کارروائی کیلئے ملزمان کو آج طلب کر رکھا تھا، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور رہنماءپاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔