تصدق حسین جیلانی انکوائری کمیشن مشاورت سے بنایاتھا،وزیراعظم شہباز شریف

سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی کی مشاورت اور رضا مندی کے ساتھ کمیشن اور ٹی او آرز کو نوٹیفائی کیاتھا،ججز کو ملنے والے مشکو ک خطوط کی تحقیقات جاری ہیں،اس مسئلے پر سیاست کو نزدیک نہیں آنا چاہئے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 4 اپریل 2024 13:35

تصدق حسین جیلانی انکوائری کمیشن مشاورت سے بنایاتھا،وزیراعظم شہباز ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 اپریل2024 ء) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تصدق حسین جیلانی انکوائری کمیشن مشاورت سے بنایاتھا،6 ہائی کورٹ کے ججوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کے ساتھ میٹنگ کی روشنی میں کابینہ منظوری کے ساتھ فیصلہ کیا کہ انکوائری کمیشن بنایا جائے اور سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی کی مشاورت اور رضا مندی کے ساتھ کمیشن اور ٹی او آرز کو نوٹیفائی کیاتھا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کل مختلف ججز کو مشکوک خط ملے جس میں مشکوک پاﺅڈر شامل تھا۔ججز کو ملنے والے مشکو ک خطوط کی تحقیقات جاری ہیں۔اس مسئلے پر سیاست کو نزدیک نہیں آنا چاہئے۔ تصدق جیلانی نے کمیشن کی سربراہی سے معذرت کرلی اور سپریم کورٹ نے اس پر سو موٹو لے لیا اور اس کی سماعت سے سب آگاہ ہیں، اب سپریم کورٹ اس معاملے کو دیکھے گا ، ہم نے اپنی ذمہ داری پوری کردی تھی اور پھر اس میں تبدیلی آئی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خزانہ واشنگٹن جا رہے ہیں آئی ایم ایف کے نئے پروگرام پر میٹنگ ہوگی۔امیدہے رواں ماہ آئی ایم ایف سے قسط مل جائےگی۔ہم سمجھتے ہیں کہ آئی ایم ایف کا ایک اور پروگرام ہمارے لئے ضروری ہے۔آئی ایم ایف کی شرائط اتنی آسان نہیں ہونگی۔معاشی استحکام سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے۔آئی ایم ایف کے نئے پروگرام سے ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم پراعتماد طریقے سے کام کر سکیں گے۔

کوشش ہوگی کہ غریب آدمی پر کم سے کم بوجھ آئے۔وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری پر مکمل عمل ہوگا۔ائیرپورٹ کے حوالے سے فول پروف کام کریں گے۔چینی سفیر کے ساتھ میں خود داسو ڈیم گیاوہاں جا کر چینی انجینئرز کو تسلی دی۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پرسوں ہم نے بھرپور میٹنگ کی ہے ان وزراتوں سے جن کی ذمہ داری ملک کی معیشت ٹھیک کرنے کی ہے۔