اسرائیل کا غزہ میں امداد کی فراہمی کے لئے عارضی راستے کھولنے کا اعلان

جمعہ 5 اپریل 2024 12:51

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2024ء) اسرائیل نے قحط کے خطرے سے دوچار غزہ میں امداد کی فراہمی کے لئے عارضی راستے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیل نے جمعہ کو اعلان کیا کہ وہ قحط کے خطرے سے دوچار شمالی غزہ میں عارضی امداد کی ترسیل کی اجازت دے گا۔ جمعرات کو امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کو ٹیلی فونک رابطے کے دوران بتایا کہ اسرائیل کے بارے میں امریکی پالیسی غزہ میں شہریوں اور امدادی کارکنوں کے تحفظ پر منحصر ہے، یہ واشنگٹن کی جانب سے اسرائیل کی فوجی مدد کے لیے ممکنہ شرط کی طرف پہلا اشارہ تھا۔

کچھ ہی گھنٹے بعد اسرائیل نے اعلان کیا کہ وہ غزہ کے لیے مزید امدادی راستے کھول دے گا۔

(جاری ہے)

نیتن یاہو کے دفتر نے بتایا کہ اسرائیل کی وار کیبنٹ نے اشدود پورٹ اور ایریز لینڈ کراسنگ کے ذریعے عارضی امداد کی ترسیل کی اجازت دی ہے اس کے ساتھ ساتھ اردن سے کریم شالوم کراسنگ پر بھی ترسیل میں اضافہ کیا گیا۔ وائٹ ہاؤس نے فوری طور پر ان اقدامات کا خیرمقدم کیا اور انہیں صدر جو بائیڈن کی درخواست پرکیا گیا اقدام قرار دیا ۔ وائٹ ہائوس نے کہا کہ ان اقدامات کو اب مکمل طور پر اور تیزی سے نافذ کیا جانا چاہیے۔