رواں ماہ گرمی کی شدت میں غیر یقینی اضافہ ہو سکتاہے،پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

ماہ اپریل کے دوران گرمی کی شدت میں غیریقینی اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، رواں ماہ درجہ حرارت گزشتہ 30 سال کی اوسط شرح سے کچھ زیادہ رہے گا،ترجمان

جمعہ 5 اپریل 2024 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اپریل2024ء) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب (پی ڈی ایم ای) کا کہنا ہے کہ رواں ماہ گرمی کی شدت میں غیر یقینی اضافہ ہو سکتاہے ، ماہ اپریل کے دوران گرمی کی شدت میں غیریقینی اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے اس حوالے سے الرٹ جار ی کیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق رواں ماہ درجہ حرارت گزشتہ 30 سال کی اوسط شرح سے کچھ زیادہ رہے گا ، پنجاب کے میدانی علاقوں میں ہیٹ ویوز کے امکانات بھی موجود ہیں۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں میں خاص طور پر ہیٹ ویوز کے منفی اثرات بہت زیادہ مرتب ہوسکتے ہیں، تیز ہوائیں، گرد آلود طوفان، طوفانی بارش اور ڑالہ باری کے بھی امکانات موجود ہیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق شمالی پنجاب میں شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ چند روز قبل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم ای) کی جانب سے قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت تیاری اور اقدامات کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے قومی سطح کی دو روزہ فرضی مشقوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔

فرضی مشقیں 4 تا 5 مارچ 2024 تک نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر میں کی گئیں تھیں۔ فرضی مشقوں کا مقصد ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کو یقینی بنانا ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے مشقوں کے افتتاحی سیشن کا آغاز کیاتھا۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق مشقوں میں اہم متعلقہ اداروں بشمول صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ایمر جنسی سروسز، محکمہ موسمیات پاکستان، واپڈا، سپارکو،این ایچ اے، مسلح افواج، اسلام آباد انتظامیہ، ریسکیو1122، اقوام متحدہ ایجنسیز، فلاحی اداروں کے نمائندگان نے بھر پورشرکت کی۔

ان مشقوں کے دوران تمام متعلقہ اداروں کو آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کے جائزہ کیلئے موقع فراہم کیا گیاتھا۔