سندھ کے وزیر سیاحت،ثقافت،نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ سے امریکی ڈپلومیٹک وفد کی ملاقات

جمعہ 5 اپریل 2024 21:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) سندھ کے وزیر سیاحت،ثقافت،نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ سے امریکی ڈپلومیٹک وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میںJayne Howellمنسٹر کونسلر فار کونسلر آفیئرزامریکی سفارت خانہ اسلام آباد، Nikhil Lakhanpal اکانمک آفیسر یو ایس قونصلیٹ جنرل کراچی، Nitin OBEO انچارج کونسلرآفیئرزسفارت خانہ اسلام آباد موجودتھے۔

ملاقات میں سندھ کی سیاحت و ثقافت کے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔وفد نے سندھ کے سیاحتی، ثقافتی و آرکائیولاجیکل سائٹس کے متعلق معلومات لیں۔سیاحتی سیکٹر کو مشترکہ پروموٹ کرنے پر تجاویز پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ایم ڈی ایس ٹی ڈی سی فیاض شاہ، ڈائریکٹر آرکیالوجی اینڈ اینٹیکیوٹیز فتاح شیخ نے امریکی وفد کو تفصیلات فراہم کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہاکہ سندھ میں 170 آرکیالوجیکل سائٹس موجود ہیں،اسپین، تائیوان، جرمنی، اٹلی، تھائی لینڈ، جاپان سمیت سری لنکا اور دیگر ممالک سے سیاح سندھ میں آتے ہیں۔امریکی سیاحوں کیلئے سندھ میں پرامن اور بہترین سیاحتی مقامات موجود ہیں۔سید ذوالفقار علی شاہ نے کہاکہ چاہتے ہیں دونوں ممالک سیاحتی سرگرمیوں میں مزید بہتر تعاون کے ساتھ آگے بڑھیں۔

انہوں نے کہاکہ سیاحوں کی سہولیات کیلئے محکمہ مزید اقدامات اٹھانے جارہا ہے۔ہم سیاحتی مقامات پر ٹوئیرازم پولیس اور صحت کی سہولیات شروع کرنے جارہے ہیں۔غیر ملکی سیاحوں کیلئے معلوماتی ڈیسکس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔سید ذوالفقار علی شاہ نے کہاکہ موہن جو دڑو ایئرپورٹ کو سیاحوں کیلئے کھولنے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کررہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہاکہ سفارت خانے میں کلچر ڈے اور دیگر تقریبات میں محکمہ ثقافت بھرپور تعاون کرے گا۔صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے امریکی وفد کو سالانہ مینگو فیسٹیول کے متعلق معلومات اور شرکت کی دعوت دی۔اس موقع پرصوبائی وزیرسید ذوالفقار علی شاہ نے وفد کو سندھی اجرک اور یادگار تحائف بھی پیش کیئے