ای سی سی کی جانب سے گلگت بلتستان کو گندم سبسڈی کی مد میں 7.3 ارب روپے کی منظوری خوش آئند ہے، انجینئر امیر مقام

جمعہ 5 اپریل 2024 22:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2024ء) وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)کی جانب سے گلگت بلتستان کو گندم سبسڈی کی مد میں 7.3 ارب روپے کی منظوری خوش آئند ہے،اس سے گلگت بلتستان کیلئے گندم سبسڈی کا مسئلہ رواں سال کے لئے حل ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں جاری بیان میں وفاقی وزیرنے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،قائد محمد نواز شریف نے ہمیشہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے خطے کو اپنے دل کے انتہائی قریب قرار دیا ہے۔

انجینئرامیرمقام نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ گلگت بلتستان کو سی پیک کا بیس کیمپ قرار دیا ہے اور ان کے اسی وژن کو وزیراعظم شہباز شریف تکمیل تک پہنچانے کی بھرپور کوشش کریں گے،مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت نے برسرِ اقتدار آتے ہی گلگت بلتستان میں گندم سبسڈی کے حوالے سے بحرانی کیفیت کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے۔انجینئرامیرمقام نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سبسڈی کی مد میں مالی سال 24۔2023 میں کل 16.73 ارب روپے کی رقم درکار تھی جبکہ سخت معاشی صورتحال کے پیش نظر بجٹ میں سبسڈی کی مد میں صرف 9.5 ارب روپے مختص کئے گئے تھے۔