تاجروں اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کے اولین فرائض میں شامل ہے ،ایس ایس پی سکھر

جمعہ 5 اپریل 2024 22:05

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) ایس ایس پی سکھر عابد علی بلوچ نے کہا ہے کہ تاجروں اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کے اولین فرائض میں شامل ہے ، جرائم پیشہ عناصروں کا قلع قمع کرنے کیلئے ماہ رمضان المبارک میں خصوصی سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا اور جرائم پیشہ عناصروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، شہر کے اہم تجارتی مراکز، رہائشی علاقوں ، چوراہوں، شاہراؤں پر پولیس گشت میں اضافہ کر کے جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ ضلع سکھر کو امن کا گہوارہ بنا کر مثالی ضلع بنایا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر انجمن تاجران شاہی بازار سکھر و آل اسمال اینڈ کاٹیج انڈسٹریز سپریم کونسل کے چئیرمین حاجی محمد شفیع عباسی کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقد افطار ڈنر تقریب سے خطاب کے دوران کیا تقریب میں آل اسمال اینڈ کاٹیج انڈسٹریز سپریم کونسل کے چئیرمین حاجی محمد شفیع عباسی سمیت اے ایس پی سٹی محمد عثمان خان ،آل اسمال اینڈ کاٹیج انڈسٹریز سپریم کونسل کے اراکین و ممبران کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں افطار ڈنر تقریب منعقد کی گئی تقریب میں ایس ایس پی سکھر عابد بلوچ ، اے ایس پی سٹی محمد عثمان خان ،آل اسمال اینڈ کاٹیج انڈسٹریز سپریم کونسل کے اراکین و ممبران ملک رضوان الحق،عمران میمن ،ممتاز لکی،خالد شمسی، جاوید ملک،عبدالرحیم سیٹھی ،چوہدری نوید ،شبیر میمن،شمس الرحمن عرف ملنگ بابا،عبدالرشید بندھانی، چوہدری زاہد و دیگر معزز تاجر برادری شریک تھی ،تقریب کے دوران آل اسمال اینڈ کاٹیج انڈسٹریز سپریم کونسل کے چئیرمین حاجی محمد شفیع عباسی و دیگر نے ایس ایس پی سکھر عابد علی بلوچ کو سکھر تعینات ہونے پر مبارکباد دی اور شہر میں امن و امان کے قیام ، ٹریفک جام کے مسائل کے حل سمیت مختلف تجاویز پیش کرتے ہوئے انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس ایس پی سکھر عابد علی بلوچ کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کا ملکی ترقی، خوشحالی میں سب سے اہم کردارہے شہر میں مستقل قیام امن اور ٹریفک جام کے مسئلے کے حل کیلیے جلد شہر کے تجارتی مارکیٹوں کا دورہ کرکے تاجر رہنمائوں سے ملاقاتیں کر کے پلان تشکیل دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس افسران و اہلکاروں کو جرائم پیشہ عناصروں کے خاتمے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے سخت احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں کوئی بھی جرائم پیشہ عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا ہے،ان شائ اللہ تاجروں اور شہریوں کی مشاورت اور تعاون سے ہی ضلع سکھر کو امن و امان کا گہوارہ بناکر ایک مثالی ضلع بنائیں گے۔