سی ٹی ڈی اہلکاروں کی جانب سے ایک اور مبینہ اغوا کا واقعہ منظر عام پر آگیا

اتوار 7 اپریل 2024 21:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2024ء) سی ٹی ڈی کی کالی بھیڑوں کی جانب سے ایک اور مبینہ اغوا کا واقعہ سامنے آیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے ایک اور شہری عاطف اسلم کو 30 مارچ کو گلشن اقبال میں چائے کے ہوٹل سے شارٹ ٹرم اغوا کیا اور محمودآباد لے جاکر اے ٹی ایم سے 2 لاکھ کیش نکلوائے اور تین لاکھ کا وعدہ لے کر چھوڑ دیا۔

رپورٹ کے مطابق عاطف اسلم کی جانب سے آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ایسٹ کو درخواست دی گئی ہے جس کے مطابق وہ اسٹوڈنٹ ویزے کا کام کرتا ہے 30 مارچ کو یونیورسٹی روڈ سے پولیس موبائل میں سادہ لباس اہلکار اسے ہوٹل سے اس کی گاڑی سمیت اپنے ہمراہ لے کر گئے۔عاطف نے بتایا کہ نامعلوم مقام پر چار گھنٹے تک تشدد کیا جاتا رہا، رہائی کے لئے 15 لاکھ روپے سے ڈیل شروع ہوکر 5 لاکھ روپے میں ختم ہوئی، کارٹریکر سے معلوم ہوا کہ مجھے سی ٹی ڈی سول لائن لے کر جایا گیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے کہا کہ اہلکاروں نے دو لاکھ اے ٹی ایم سے لیے باقی 3 لاکھ کی رقم لینے کے لئے سہیل نامی شخص نے شہری کو فون کیا، رقم سی ٹی ڈی سول لائن پہنچانے کے احکامات دئیے اور نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئی۔ متاثرہ شہری عاطف اسلم کی جانب سے پولیس کے اعلی افسران کو درخواست اور تمام تر معلومات فراہم کردی گئی۔