چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ، پیپلزپارٹی سید یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے لئے متحرک

پیر 8 اپریل 2024 13:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2024ء) چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی نے رابطوں کا عمل تیز کردیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے لئے خصوصی کمیٹی کے اراکین نے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے کئے ہیں۔ پیر کو پاکستان پیپلزپارٹی کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی کی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے لئے خصوصی کمیٹی امیدوار سید یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے لئے متحرک ہے۔

(جاری ہے)

پارٹی رہنمائوں شیری رحمان اور نوید قمر نے چیئرمین سینیٹ کے لئے پی پی پی امیدوار سید یوسف رضا گیلانی سے رابطہ کر کے انتخابات کیلئے لائحہ عمل تشکیل دے دیا ہے۔ پی پی پی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں واضح حمایت حاصل ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی اتحادیوں کے ہمراہ کل سینیٹ میں اپنی واضح برتری کو ثابت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام اور کارکنان کل ایک جیالے امیدوار کے چیئرمین سینیٹ بننے کی خوشی کا جشن منائیں گے۔