قتل کے مقدمے میں مطلوب 2اشتہاری ملزمان یو اے ای سے گرفتار ،لاہور منتقل

اشتہاری ملزمان محمد فیصل اور عبدالغفار پنجاب پولیس کو قتل کے مقدمات میں مطلوب تھے‘ترجمان

پیر 8 اپریل 2024 17:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2024ء) قتل کے مقدمے میں مطلوب 2اشتہاری ملزمان کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر لیا گیا ۔ ایف آئی اے انٹرپول نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین جرائم میں مطلوب 2اشتہاری ملزمان محمد فیصل اور عبدالغفار کو یو اے ای سے گرفتار کر کے لاہور ائرپورٹ منتقل کر دیا ۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اشتہاری ملزمان پنجاب پولیس کو قتل کے مقدمات میں مطلوب تھے۔

ملزم فیصل کے خلاف سال 2019 میں قادرآباد پولیس اسٹیشن منڈی بہاوالدین میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ جبکہ ملزم عبدالغفار سال 2022 سے صدر پولیس اسٹیشن، ڈی جی خان کو مطلوب تھا۔ملزمان قتل کرنے کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔ ایف آئی اے NCB انٹرپول پاکستان نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کئے تھے، بعد ازاں ملزمان کو لاہور ائرپورٹ پر متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ابوظہبی کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ این سی بی انٹرپول پاکستان بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے، انتھائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور بروقت حوالگی کے لئے این سی بی انٹرپول پاکستان ہمہ وقت کوشاں ہے۔