س*بدتمیزی کرنیوالے والے وکیل زاہد محمود گورائیہ کو 6 ماہ قید کی سزا کا حکم

پیر 8 اپریل 2024 20:30

) لاہور (آن لائن) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان نے نامناسب رویہ اپنانے پر وکیل زاہد محمود گورائیہ کو 6 ماہ قید کی سزا اور 1 لاکھ روپے جرمانہ کرتے ہوئے جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔ پولیس نے وکیل زاہد محمود گورائیہ کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا، عدالت نے وکیل کی جانب سے کارروائی عید کے بعد تک ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کر دی ،وکیل زاہد محمود گورائیہ نے ہاتھ جوڑ کر کہا عدالت سے معافی کا طلبگار ہوں، مجھے سزا مل بھی جائے تو میں پھر بھی معافی کا طلبگار ہوں، مجھے واش روم جانے دیں، میں شوگر کا مریض ہوں جس پر چیف جسٹس نے کہا آج کل ہر کوئی شوگر کا مریض ہے،صدر لاہور ہائیکورٹ بار اسد منظور بٹ نے بھی وکیل کو معاف کرنے کی استدعا کر دی، صدر لاہور ہائیکورٹ بار نے کہا ہم جسٹس سلطان تنویر سے جا کر معافی مانگیں گے جس پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان نے کہا صدر صاحب آپکو جسٹس سلطان تنویر کے پاس جانے کی ضرورت نہیں میں خود بات کر لوں گا، میں نے آئین کے تحت حلف اٹھایا ہے، معافی اللہ سے مانگیں میں کمزور آدمی ہوں، مجھے صرف اللہ کا خوف ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے تمام وکلا کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کا حکم بھی دیدیا،سماعت ساڑھے تین گھنٹے سے زائد سماعت جاری رہی جس میں تین گواہان نے بیانات قلمبند کروائے۔ واضح رہے کہ وکیل کیخلاف توہین عدالت کارروائی کے لئے ریفرنس میں لکھا گیا کہ وکیل زاہد محمود گورائیہ جسٹس سلطان تنویر کی عدالت میں چیختے چلاتے رہے، مذکورہ وکیل نے عدالت اور بینچ کے بارے میں نہایت توہین آمیز اور بے بنیاد الزامات عائد کئے، عدالت مذکورہ وکیل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔