متحدہ عرب امارات نے بھی عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کر دیا

سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عید الفطر 10 اپریل بروز بدھ کو ہو گی

muhammad ali محمد علی پیر 8 اپریل 2024 20:54

متحدہ عرب امارات نے بھی عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کر دیا
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل 2024ء ) متحدہ عرب امارات نے بھی عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا ہے کہ آج بروز پیر 8 اپریل کو ملک کے کسی علاقے سے شوال کے چاند کی شہادت موصول نہ ہو سکی، لہذا متحدہ عرب امارات میں عید الفطر 10 اپریل بروز بدھ کو منائی جائے گی۔ جبکہ اس سے قبل سعودی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کے چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان کر دیا۔

سعودی رویت ہلال کمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق مملکت کے کسی علاقے سے شوال کے چاند کی کوئی شہادت موصول نہ ہوئی، لہذا رمضان المبارک کے 30 روزوں کے بعد عید الفطر 10 اپریل بروز بدھ کو منائی جائے گی۔ سعودی رویت ہلال کمیٹی کے اعلامیہ سے قبل ہی عرب میڈیا نے سعودی عرب میں ماہرین فلکیات نے آج شوال کا چاند نظر نہ آنے کا امکان ظاہر کیا تھا، اس ضمن میں کہا گیا کہ سعودی عرب میں آج شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں، اس لیے مملکت میں عید الفطر بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سعودی ماہر فلکیات اور رویت ہلال کمیٹی کے رکن عبد اللہ الخضیری نے کہا کہ پیر 29 رمضان 8 اپریل کو عید کا چاند دیکھنا نا ممکن ہے کیوں کہ فلکی حساب سے آج چاند سورج سے 12 منٹ پہلے ڈوب جائے گا یہی وجہ ہے کہ 29 رمضان کو چاند کا نظر آنا ناممکن ہے جب کہ منگل 30 رمضان 9 اپریل کو عید کا چاند واضح طور پر نظر آئے گا، منگل 30 رمضان کو عید کا ہلال 54 منٹ تک افق پر رہے گا۔

دوسری جانب پاکستان میں بھی عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 9 اپریل کو اسلام آباد میں ہوگا، چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں اجلاس ہوگا، اجلاس میں شوال کا چاند دیکھنے کی شہادتیں وصول کی جائیں گی، اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی ممبران اور محکمہ موسمیات سپارکو سائنس ٹیکنالوجی حکام شریک ہوں گے، رویت ہلال کمیٹی اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہوگا، زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہوں گے، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی شوال کا چاند نظر آنے یہ نہ آنے کا اعلان کریں گے۔