مصر، اردن اور فرانس کے حکمرانوں کا مشترکہ مضمون، غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور

منگل 9 اپریل 2024 09:20

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) مصر، اردن اور فرانس نے غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا ہے، جو گزشتہ چھ ماہ سے اسرائیلی محاصرے اور بمباری کی زد میں ہے۔شنہو ا کے مطابق مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ایک مشترکہ مضمون میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2728 پر فوری اور غیر مشروط عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے، جو تنازعات سے متاثرہ علاقے میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔

رہنماؤں نے کہاکہ ہم رفح پر اسرائیلی حملے کے خطرناک نتائج سے خبردار کرتے ہیں، جہاں 15 لاکھ سے زیادہ فلسطینی شہریوں نے پناہ حاصل کی ہے۔ اس طرح کی جارحیت صرف مزیداموات اور مصائب کا باعث بنے گی اور غزہ کے لوگوں کی بڑے پیمانے پر زبردستی نقل مکانی کے خطرات اور نتائج کو بڑھا دے گی۔

(جاری ہے)

یہ بتاتے ہوئے کہ انسانی امداد کی فراہمی اور تقسیم میں بڑے پیمانے پر اضافے کی فوری ضرورت ہے، رہنماؤں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ فلسطینی آبادی کے لیے انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے، یہ ذمہ داری اس نے پوری نہیں کی۔

انہوں نے تمام یرغمالیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور مصر، قطر اور امریکا کی ثالثی میں جنگ بندی، یرغمالیوں اور قیدیوں سے نمٹنے کے لیے ہونے والے مذاکرات کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ واضح رہے غزہ کی وزارت صحت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق، غزہ میں 7اکتوبر سےجاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 33,207 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں،بہت سے ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں جبکہ 75،933 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔