آئین کے مطابق سینیٹ کے نو منتخب اراکین کے حلف سے قبل ایوان میں کوئی کارروائی نہیں ہو سکتی،اعظم نذیر تارڑ

منگل 9 اپریل 2024 10:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آئین میں واضح ہے کہ سینیٹ کے نو منتخب اراکین کے حلف سے قبل ایوان میں کوئی کارروائی نہیں ہو سکتی۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ ایوان میں پی ٹی آئی اور سنی اتحادکونسل کے اراکین کا موقف سنا گیا حالانکہ آئین میں واضح ہے کہ سینیٹ کے نو منتخب اراکین کے حلف سے قبل ایوان میں کوئی کارروائی نہیں ہو سکتی۔

آرٹیکل 60 کے دو حصے ہیں ۔ اس میں بھی واضح ہے کہ چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات سے قبل ایوان میں کوئی کارروائی نہیں ہوسکتی۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے خالی ہونے پر ایوان کے کسی رکن کو پریذائیڈنگ افسر منتخب کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹ کے انتخابات ہر تین سال بعد ہو تے ہیں۔ خیبر پختونخوا جس میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کی حلف برداری سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر عمل نہیں ہوا۔

اس پر توہین عدالت کی کارروائی ہورہی ہے اور انہوں نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے۔الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا کہ جب تک مخصوص نشستوں پر منتخب امیدواروں کاحلف نہیں ہو تا اس وقت تک خیبر پختونخوا اسمبلی میں 11 نشستوں پر سینیٹ انتخاب نہیں ہو گا۔یہ معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔