حلف برداری سے قبل اس طرح کی اجازت نہیں دی جاتی، ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے،اعظم نذیر تارڑ

آرٹیکل 60کے دوحصے ہیں، میں توقع رکھتا ہوں تحمل سے جواب سناجائےگا،علی ظفر اور محسن عزیز نے قانونی نکات پیش کئے، سینیٹرعلی ظفر مجھ سے زیادہ تجربہ رکھتے ہیں،سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 9 اپریل 2024 12:06

حلف برداری سے قبل اس طرح کی اجازت نہیں دی جاتی، ہمیں اپنے گریبان میں ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 اپریل2024 ء) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حلف برداری سے قبل اس طرح کی اجازت نہیں دی جاتی، ہم سب کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے، آرٹیکل 60کے دوحصے ہیں، میں توقع رکھتا ہوں تحمل سے جواب سناجائےگا۔علی ظفر اور محسن عزیز نے قانونی نکات پیش کئے، سینیٹرعلی ظفر مجھ سے زیادہ تجربہ رکھتے ہیں۔

خیبرپختونخواہ میں الیکشن کسی قدرتی آفات پر ملتوی نہیں ہوئے۔اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کاحلف نہیں لیاگیا، فیصلے کےخلاف مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان نے عدالت سے رجوع کیا، پشاورہائیکورٹ نے سپیکر خیبرپختونخواہ اسمبلی کو حلف لینے کا حکم دیالیکن سپیکر خیبرپختونخواہ اسمبلی نے عدالت کا حکم ہوا میں اڑا دیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل سینیٹ اجلاس میں حکومتی اتحاد کی طرف سے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم بلا مقابلہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے سردار سیدال خان ناصر بلا مقابلہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔سینیٹ اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پریزائیڈنگ افسر کی ذمہ داریاں انجام دیں۔سینیٹ اجلاس کا آغاز ہوتے ہی تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور پی ٹی آئی کے علی ظفر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کے پی کے سینیٹر نہیں آجاتے اس اجلاس کو ملتوی کیا جائے۔

نومنتخب اراکین سینیٹ کی حلف برداری کیلئے سینیٹ کے اجلاس میں اسحاق ڈار نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ارکان نے حلف لیا۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سینیٹ کے نو منتخب اراکین سے حلف لیا اور مبارکباد پیش کی۔پیپلز پارٹی کے 18، ن لیگ کے 14 اور جے یو آئی ف کے 3 نومنتخب سینٹرز نے حلف اٹھایا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بطور آزاد سینٹر حلف اٹھایا جبکہ فیصل واوڈا نے حلف نہیں اٹھایا۔