امیرِ قطر کے جلد دورہ پاکستان کا امکان

وزیر اعظم اور شیخ تمیم بن حمد الثانی کی ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 اپریل 2024 16:35

امیرِ قطر کے جلد دورہ پاکستان کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل 2024ء ) قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے جلد دورہ پاکستان کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کا قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں وزیر اعظم نے قطر کے امیر کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی، منگل کے روز ہونے والے ٹیلی فونک رابطے میں امت مسلمہ کے اتحاد اور پاکستان قطر کی خوشحالی کی دعا کی گئی اور دونوں رہنماؤں نے پاکستان و قطر کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی قطر کے ساتھ مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا، اس کے علاوہ دنوں رہنماؤں نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا، امیر قطر نے بھی گرمجوشی سے وزیر اعظم کو عید کی مبارکباد پیش کی اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ٹیلی فونک رابطے میں وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی، شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دعوت قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے جب کہ گزشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ منائی گئی، دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے اور تمام باہمی فائدہ مند شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بتایا جارہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچ چکے ہیں، مکہ المکرمہ کے الصفاء پیلس میں ان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی، سعودی ولی عہد نے انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، دونوں ممالک نے 5 ارب ڈالر مالیت کے سرمایہ کاری پیکج کے پہلے مرحلے کو جلد ازا جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، اس موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کی غیر متزلزل حمایت اور مہمان نوازی پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔