گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ اور جسٹس سپریم کورٹ نعیم اختر افغان نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں نماز عیدالفطر ادا کی

بدھ 10 اپریل 2024 11:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2024ء) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ اور جسٹس سپریم کورٹ نعیم اختر افغان گورنر ہاؤس سبزہ زارکوئٹہ میں نماز عیدالفطر ادا کی ۔اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے تمام اُمت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کا دن تمام مسلمانوں کیلئے ماہ رمضان کے دوران عبادت، ریاضت اور روزوں کی مشقت برداشت کرنے کے بدلے میں اللہ تعالیٰ کی جانب سے انعام کا دن ہے. یہ ہمارا دینی فریضہ ہے کہ ان افراد کا بھی خصوصی خیال رکھیں جو عید منانے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

اپنی خوشیوں کے اظہار کا موقع پر معاشرے کے غریب اور محنت کش طبقہ کے عوام کو اپنی خوشیوں میں ضرور شریک کرنا چاہئے تاکہ غربت اور مہنگائی کے باعث مشکل صورتحال اور تنگدستی کی اس گھڑی میں معاشرے کے غریب اور نادار لوگ خود کو تنہاء محسوس نہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اُن یتیموں، ناداروں اور بے سہارا افراد کو بھی نہیں بھولنا چاہئے جو ہماری مدد اور توجہ کے مستحق ہیں۔ یہ عیدالفطر تمام مسلمانوں کیلئے خوشی کا اسلامی تہوار ہونے کے ساتھ ساتھ اُمت مسلمہ کیلئے اتحاد و اتفاق کا مظہر بھی ہے۔ گورنر بلوچستان نے دعا کی کہ پروردگار ہمیں عیدالفطر کی خوشیاں دوسروں کے ساتھ بانٹنے کی توفیق عطا فرمائے۔