عیدالفطر کے روح پرور اجتماعات میں فلسطینیوں کے لیے خصوصی دعائیں‌

بدھ 10 اپریل 2024 14:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2024ء) ملک بھر کی طرح ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں‌عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے ۔نماز عید کے اجتماعات میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائیں‌کی گئیں ۔

(جاری ہے)

ضلع ملتان میں مختلف عید گاہوں ، مساجد ، امام بارگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے 890 اجتماعات منعقد ہوئےنماز عید کا سب سے بڑا اجتماع شاہی عید گاہ خانیوال روڈ پر منعقد ہوا جہاں جماعت اہلسنت پاکستان کے سربراہ علامہ مظہر سعید کاظمی ، سابق وفاقی وزیر ًمذہبی امور علامہ حامد سعید کاظمی ، سینئیر سیاسی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی ، سمیت اہم شخصیات نے نماز عید ادا کی ۔

دربار حضرت موسیٰ پاک شہید پر سابق وزیر اعظم اور چیئر مین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے صاحب زادوں عبدالقادر گیلانی، علی موسیٰ گیلانی ، علی حیدر گیلانی ، علی قاسم گیلانی کے ہمراہ نماز عید ادا کی ۔ اس کے علاوہ دربار حضرت بہاءالدین زکریا ، جامعہ خیرالمدارس ، جامع خیرالعلوم ، ابدالی مسجد ، عید گاہ ملتان کینٹ اور حیدریہ مسجد گلگشت کالونی میں بھی نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے ۔