پاکستان نے عسکریت پسند تنظیم ”زینبیون بریگیڈ“کو کالعدم قرار دے دیا

زینبیون بریگیڈ ملک میں امن و امان اور اس کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے. وفاقی وزرات داخلہ کا نوٹیفیکیشن

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 11 اپریل 2024 22:59

پاکستان نے عسکریت پسند تنظیم ”زینبیون بریگیڈ“کو کالعدم قرار دے دیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 اپریل۔2024 ) پاکستان نے عسکریت پسند تنظیم ”زینبیون بریگیڈ“کو کالعدم قرار دے دیا گیا وفاقی وزرات داخلہ کی جانب سے 29مارچ کو جاری کیا گیا حکم نامہ 11اپریل کو منظرعام پرآیا ہے نوٹیفیکیشن کے مطابق ”زینبیون بریگیڈ“ ملک میں امن و امان اور اس کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے. نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا کہ وفاقی وزارت داخلہ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 میں حاصل اختیارات کے تحت” زینبیون بریگیڈ “کا نام اسی قانون میں کالعدم تنظیموں کے ناموں پر مشتمل شیڈول ون میں شامل کیا ہے.

(جاری ہے)

 

نیشنل کاﺅنٹر ٹیرریزم اتھارٹی (نیکٹا) نے بھی زینبیون بریگیڈ کا نام اپنی ویب سائٹ پر موجود کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے زینبیون بریگیڈ کا نام شامل ہونے کے بعد اس فہرست پر کالعدم تنظیموں کی مجموعی تعداد 79 ہو گئی ہے.

زینبیون بریگیڈ کو امریکی ٹریژری نے جنوری 2019 میں اپنی مالیاتی بلیک لسٹ میں شامل کیا تھا جولائی 2022 میں اس وقت کے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سینیٹ کو بتایا تھا کہ زینبیون کے عسکریت پسند 2019 سے 2021 تک ملک میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں فعال طور پر ملوث پائے گئے. ایک عرب نشریاتی ادارے نے دسمبر2022 میں ایک رپورٹ میں بتایاتھا کہ کراچی میں پولیس نے دسمبر 2020 اور جنوری 2021 کے درمیان اس تنظیم کے متعدد ارکان کو گرفتار کیا اور اس سال حکام نے اس گروپ سے منسلک منی لانڈرنگ نیٹ ورک کی تحقیقات کا آغاز بھی کیا.

فروری 2021 میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اس وقت کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار نے تصدیق کی تھی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے زینبیون بریگیڈ سے تعلق رکھنے والے کئی عسکریت پسندوں کو پکڑا ہے.