پیپلزپارٹی کے رہنماء عاصم حسین کی گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے اہم ملاقات

گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 12 اپریل 2024 13:20

کراچی(اردو پوائنٹ  اخبار تازہ ترین-   12اپریل  2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء ڈاکٹر عاصم حسین نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کی،ملاقات کے دوران ڈاکٹر عاصم حسین نے گورنر سندھ کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سابق وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر عاصم حسین گورنر ہاؤس کراچی آئے جہاں انہوں نے گورنر سندھ سے ملاقات کی جو کہ آدھے گھنٹے سے زیادہ جاری رہی، اس ملاقات کا مقصد پیپلزپارٹی اور گورنر سندھ کے درمیان تعلقات میں بہتری لانے کی کوشش قرار دیا گیا ہے۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن اور خوشحالی چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی سے کوئی اختلافات نہیں ہیں۔صوبے کے بہترین مفاد میں مل جل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ڈاکٹر عاصم حسین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ گورنر سندھ سے ملاقات کا کوئی سیاسی پس منظر نہیں تھا۔اتحادی جماعتوں میں رابطہ ہوتا رہتا ہے۔یاد رہے کہ چند روز قبل ایم کیو ایم کے سابق رہنماء رضا ہارون نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کے بعد گورنر سندھ کو ہدف تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

رضا ہارؤن کا کہنا تھا کہ کامران خان ٹیسوری صوبے کے ناکام ترین گورنرہیں، یہی نہیں بلکہ ان کے دفاع میں ایم کیوایم بھی ناکام ہوگئی ہے۔رضا ہارون نے یہ بھی کہا تھا کہ ایم کیو ایم بھی گورنر سند ھ کامران ٹیسوری سے ناخوش ہیں اور وہ بھی چاہتے ہیں کہ کامران ٹیسوری کو تبدیل کیا جائے۔اس سے قبل پیپلز پارٹی کے رہنماء وقا ر مہدی نے بھی گورنر سندھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ گورنر سندھ ناکام ترین گورنر ثابت ہوئے ہیں اور کامران ٹیسوری معاملات کو حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گورنر وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے اور وفاق اور صوبے کے درمیان تعلقات کیلئے پل کا کردار ادا کرتا ہے لیکن گورنر سندھ یہ رول ادا کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔