الخدمت فائونڈیشن کے تحت زیرتعلیم فلسطینی طلبہ سے اظہاریکجہتی کے لیے الخدمت سیکریٹریٹ مکی شاہ روڈ میں ایک تقریب کا انعقاد

جمعہ 12 اپریل 2024 22:05

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآبادکے تحت حیدرآباد میں زیرتعلیم فلسطینی طلبہ سے اظہاریکجہتی کے لیے الخدمت سیکریٹریٹ مکی شاہ روڈ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میںسر پرست الخدمت فائونڈیشن امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان، صدر الخدمت فائونڈیشن حیدرآباد نعیم عباسی، نائب صدر ڈاکٹر سیف الرحمن،محمد علی چوہان، جنرل سیکریٹری محمد سلیم خان، صدر نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ شکیل احمد شیخ، صدر جے آئی یوتھ حیدآباد عرفان قائم خانی، جنرل سیکریٹری صرافہ بازاریونین سندھ شکیل شیخ، صدر روڈ اینڈ ٹریفک فائونڈیشن حیدرآباد جاوید اقبال، ریشم بازار یونین کے صدر طارق قریشی سمیت دیگر معززین اور فلسطینی طلباء پر مشتمل وفد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن غزہ میں امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ حیدرآباد کے مختلف یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کرنے والے فلسطینی طلباء کو درپیش معاشی صورتحال کے پیش نظر اسکالر شپ فراہم کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ غزہ میں الخدمت کا ریلیف آپریشن مسلسل جاری ہے رفاہ بارڈرسے امدادی سامان غزہ پہنچایا جارہا ہے، پاکستانی عوام غزہ کے مظلوم بچوں،مردوخواتین اور بزرگوں کی پشتیبان ہے، مخیر حضرات کے تعاون سے الخدمت ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے، انہوں نے کہا کہ عوام اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے ساتھ بے حس حکمرانوں کا بھی بائیکاٹ کریںجن کی بے حسی کی وجہ سے اسرائیل مظلوم فلسطینیوں اور بھارت کشمیر کشمیریوں کی نسلی کشی کررہا ہے۔

قبلہ اوّل ہر کلمہ گو شخص کے لیے مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے بعد انتہائی قابلِ احترام ہے، قبلہ اوّل کی آزادی اور تحفظ پوری امت کے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اسرائیل کو تسلیم کیا جا سکتا ہے، حماس کے مجاہدین کے پاس جدید ٹیکنالوجی موجود نہیں ہے لیکن اسرائیل کی فوجی طاقت کو شکست دے دی ہے ان شاء اللہ فلسطین ایک آزاد ریاست بن کر ابھرے گی۔

تاجر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن کا حیدرآباد ریجن میں زیر تعلیم فلسطینی طلباء کی تعلیم جاری رکھنے کے لیے اسکالر شپ دینے کا اقدام قابل ستائش ہے، فلسطین میں جنگی حالات کے پیش نظر فلسطینی طلباء کے پاس ذرائع آمدنی ختم ہو چکے ہیںجن کو الخدمت فائونڈیشن حیدرآباد اسکالر شپ فراہم کر رہی ہے یہ کام حکومت وقت کو کرنا چاہیے تھا جو الخدمت فائونڈیشن کر رہی ہے، مخیر حضرات غزہ کے ساتھ ساتھ حیدرآباد کی مختلف یونیورسٹیز میں زیر تعلیم فلسطینی طلباء کی بھی مدد کرنے میں الخدمت فائونڈیشن کا ساتھ دیں۔