ہم ایک ملک میں دو قوانین کا نظام ختم کرنا چاہتے ہیں

فارم47 کی بنی حکومت کو رد کرتے ہیں، عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، آئے دن بجلی مہنگی ہورہی ہے، مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 12 اپریل 2024 23:39

ہم ایک ملک میں دو قوانین کا نظام ختم کرنا چاہتے ہیں
کوئٹہ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 اپریل 2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ہم ایک ملک میں دو قوانین کا نظام ختم کرنا چاہتے ہیں ، فارم 47 کی بنی حکومت کو رد کرتے ہیں، عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں آئے دن بجلی مہنگی ہورہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 6 جماعتوں کے اپوزیشن اتحاد کا کوئٹہ میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں عمر ایوب ، اخترمینگل ، محمود اچکزئی، لیاقت بلوچ ، ودیگر شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ہمارا اتحاد بننے جارہا ہے آج دوسری میٹنگ تھی، فارم 47 کی بنی حکومت کو رد کرتے ہیں، جہاں قانون کی پاسداری نہ ہووہاں خوشحالی نہیں ہوتی،تحریک کا نام تحریک تحفظ آئین رکھا گیا ہے، ہم ایک ملک میں دو قوانین کا نظام ختم کرنا چاہتے ہیں ،اپوزیشن کی تحریک کا صدر محمود خان اچکزئی کو نامزد کررہے ہیں، تحریک تحفظ آئین کی رابطہ کمیٹی بھی تشکیل دے رہے ہیں، اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ تمام جلسے ایکشن پلان کے تحت ہوں گے، بلوچستان میں کل دو جلسے کرنے جارہے ہیں، عمر ایوب نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں آئے دن بجلی مہنگی ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہا کہ شوریٰ اجلاس کے بعد حتمی مئوقف سامنے رکھیں گے، اس اجلاس کے اعلامیہ سے ہمارا اتفاق ہے، عوام کو دیوار سے لگا دیا اور مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا جارہا۔ علامہ راجہ ناصرعباس نے کہا کہ ایک جماعت کے ہاتھ پاؤں باندھ کر انتخابی نشان بھی چھین لیا گیا، ہماری آئین شکن قوتوں سے لڑائی ہے، ہمارے سامنے بنارسی ٹھگوں کا ٹولہ ہے، عوام کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گے اور آئین نافذ کرکے رہیں گے۔

اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اتحاد میں شامل کوئی جماعت پاک فوج یا جوانوں کے خلاف نہیں، بہادر فوج سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے تب ہی لوگ سکون سے سوتے ہیں، چاہے کچھ بھی ہو ہم آئین کا دفاع کریں گے، آئین عمرانی معاہدہ ہے اس کے تحفظ کیلئے کل سے جلسے کریں گے۔