ی*پیپلز پارٹی عوام کوسستا آٹا نہیں دے سکتی تو چلو بھر پانی میں ڈوب مری:رفیق خاصخیلی

ہفتہ 13 اپریل 2024 19:15

q کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2024ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین رفیق خاصخیلی نے کہا ہے کہ پنجاب میں گندم سستی ہو گئی مگرسندھ میں مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف نہ ملنا افسوسناک ہے۔ سندھ حکومت عوام کو یکساں قیمت پر آٹا نہیں دے سکتی تو چلو بھر پانی میں ڈوب مرے۔ روٹی، کپڑااور مکان کے دعویدار حکمرانوں کے دور میں مہنگائی سے عوام کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔

آٹے کی قیمتوں میں اضافہ حکومتی نا اہلی اور غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔نا اہل قیادت، کرپٹ انتظامیہ کی وجہ سے عوام دوہرے عذاب میں مبتلا ہیں۔ متوسط اور نچلا طبقہ آٹا مہنگا ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات میں مبتلا ہے، دیہاڑی دار مزدور فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔مہنگائی کے طوفان سے غریب مزید غریب تر ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

غریب اور سفید پوش عوام چند کلو آٹے کے لیے گھنٹوں قطاروں میں ذلیل ہو رہے ہیں۔

آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں۔ ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ سندھ حکومت صوبہ کے عوام کو انصاف اور بنیادی ضروریات فراہم کرے۔پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پی ڈی پی کے وائس چیئرمین رفیق خاصخیلی نے مزید کہا کہ پاکستان جیسے زرعی ملک میں آٹا نایاب ہونایا مہنگا ونا شرمناک ہے۔

سابقہ اور موجودہ حکومتوں کی معاشی پالیسیوں نے عوام کوزندہ درگور کردیا ہے۔ سندھ گندم وافرمقدار میں پیدا کرنے والا صوبہ ہونے کے باوجود عوام بھوکوں مرنے پر مجبور ہے کیونکہ سندھ پر وڈیرہ شاہی اور لٹیرا شاہی کا راج ہے۔ سندھ کے شہری جان و مال، عزت و آبرو اور بنیادی حقوق سے بری طرح محروم ہیں۔ پیپلز پارٹی کے لیڈرز بتائیں کہ اپنے صوبے کو انصاف اور بنیادی سہولیات فراہم کئے بغیر کس منہ سے ملک سنوارنے کی بات کرتے ہیں سندھ پر حکمران پیپلز پارٹی اگر قومی سیاست میں زندہ رہنا چاہتی ہے تو پہلے زمین پر اترآئے تاکہ انہیں سندھ کے انسانوں کے دکھ درد کا احساس اور ان کی ضروریات اور مسائل کا اندازہ ہوسکے۔ عوام کی باتیں اور عوامی حقوق کی پامالی ایک ساتھ نہیں چل سکتیں ۔