Live Updates

پنجاب پولیس کے کرپٹ آفیسرز اور اہلکاروں کا اسپیشل کورٹ مارشل کرنے کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت مری میں خصوصی اجلاس ، پولیس میں کرپشن اور غیر پیشہ ورانہ رویے کی نشاندہی کے لئے اسپیشل آڈٹ سسٹم نافذ کرنے اور کرپٹ و مجرموں سے ساز باز کرنے والے پولیس آفیسرز اور اہلکاروں کا سپیشل کورٹ مارشل کرنے کی منظوری دی گئی

ہفتہ 13 اپریل 2024 20:35

پنجاب پولیس کے کرپٹ آفیسرز اور اہلکاروں کا اسپیشل کورٹ مارشل کرنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2024ء) پنجاب پولیس کے کرپٹ آفیسرز اور اہلکاروں کا اسپیشل کورٹ مارشل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت مری میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئی جی پنجاب نے امن امان کی مجموعی صورت حال پر بریفنگ دی۔

مریم اورنگزیب ، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری، آئی جی، اے آئی جی، کمشنر، سی سی پی او، آر پی او اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں آرگنائزڈ اور سائبر کرائم کے خاتمے کیلئے سپیشل یونٹ قائم کرنے اور آئی ٹی ٹریننگ کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ پولیس میں کرپشن اور غیر پیشہ ورانہ رویے کی نشاندہی کے لئے اسپیشل آڈٹ سسٹم نافذ کرنے اور کرپٹ و مجرموں سے ساز باز کرنے والے پولیس آفیسرز اور اہلکاروں کا سپیشل کورٹ مارشل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس کی طرف سے رشوت مانگنے پر سی ایم کے سپیشل ڈیش بورڈ پر شکایت درج ہو سکے گی۔ اسمگلنگ روکنے کے لئے بارڈر سیکورٹی فورسز قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ ہر کرائم کے لئے فنکشنل اسپیشلائزڈ پولیس فورس قائم کرنے جبکہ عورتوں اور بچوں سے زیادتی کے مقدمات میں سزائے موت کے لئے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز نے پنجاب میں ناجائز اسلحہ کلچر کے خاتمے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سزا یقینی بنا کر جرائم میں کمی یقنی بنائی جاسکتی ہے۔ بچوں اور عورتوں سے زیادتی کے مقدمات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ پولیس کو جدید اسلحہ گاڑیاں نائٹ ویژن اور ڈرون فراہم کرینگے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات