پشاور ہائی کورٹ کے قائمقام چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے حلف اٹھالیا

چیف جسٹس پشاورہائی کورٹ جسٹس محمد ابراہیم خان 14 اپریل کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے

پیر 15 اپریل 2024 12:25

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) پشاور ہائی کورٹ کے قائمقام چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے عہدے کا حلف اٹھالیا۔نومنتخب چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم کی حلف برداری تقریب منعقد ہوئی، چیف جسٹس سے سینیئر جج جسٹس اعجاز انور نے حلف لے لیا۔قائم مقام چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم 2 دسمبر 1969 کو پشاور میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1992 میں خیبر لا کالج سے ایل ایل بی کی تعلیم حاصل کی، انہوں نے وکالت کا آغاز 1993 میں ذیلی عدالتوں سے کیا، بعد ازاں 1995 میں ہائی کورٹ اور پھر 2008 میں بطور ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے لائسنس حاصل کیے۔

قائم مقام چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم 99-1998 میں پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری اور 08-2007 میں بطور جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے، جبکہ وہ 14-2013 میں پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوئے۔

(جاری ہے)

جسٹس اشتیاق ابراہیم یکم جون 2018 میں پشاور ہائیکورٹ کے مستقل جج بنے، وہ 1999 سے 2000 تک خیبرپختونخوا میں اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا رہے، جبکہ 2008 سے 2010 تک ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا رہے۔

واضح رہے کہ 12 اپریل کو پشاور ہائیکورٹ کے سینیئر جج جسٹس اشتیاق ابراہیم کو قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات کردیا گیا تھا۔محکمہ قانون نے قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کا اعلامیہ جاری کردیا تھا۔اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری سے جسٹس اشتیاق ابراہیم کو قائم مقام چیف جسٹس ہائیکورٹ تعینات کیا گیا۔چیف جسٹس پشاورہائی کورٹ جسٹس محمد ابراہیم خان 14 اپریل کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔