میرپورخاص میں پیپلز بس سروس شروع کرنے کا اعلان

کراچی میں پنک بس سروس کے 2 نئے روٹس بھی شروع کرنے کا فیصلہ

پیر 15 اپریل 2024 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) سندھ کے سینئر وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام نے میرپورخاص میں پیپلز بس سروس شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کراچی میں پنک بس سروس کے 2 نئے روٹس بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پیر کو شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کمال دایو نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی، گرین لائن، یلو لائن پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔اجلاس کے دوران شرجیل انعام میمن نے عوام کیلئے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ میرپورخاص میں پیپلز بس سروس شروع کرنے اور پنک بس سروس کی2 نئے روٹس شروع کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 10 نئی بسز بھی پنک بس سروس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پنک بس سروس کے نئے روٹس کا افتتاح 19 اپریل کو ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 20اپریل سے میرپورخاص کے عوام کیلئے بھی پیپلزبس سروس شروع کی جائے گی جبکہ کیش لیس آٹومیٹڈ فیئر کلیکشن سمارٹ کارڈ 25 اپریل سے لانچ کیا جائیگا۔پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے، اقتصادی سرگرمیوں کوبھی فروغ ملے گا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ بھر میں پیپلز بس سروس کے آغاز سے عوام کو انقلابی ریلیف ملے گا، انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے منصوبے جلد پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف مل سکے۔