سابقہ حکومتوں نے شہر قائد کے مکینوں کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا ہے،بلال سلیم قادری

پیر 15 اپریل 2024 21:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) کراچی وہ شہر ہے جو ملک کی معیشت کا پہیہ چلانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری شامی نے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں عید ملن پارٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے وسائل کو تو ہر کوئی استعمال کرتا ہے مگر کراچی کے مسائل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔

کراچی سب کا مگر کراچی کے مسائل صرف کراچی والوں کے ہیں۔یہاں حالات کی ابتر صورتحال ہے۔انڈسٹریاں بند ہونے کے قریب ہیں۔بے روزگاری اور مہنگائی یہاں آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔مسائل کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہونے والے انڈسٹریز کو حکومت کی جانب سے کوئی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی نے ہمیشہ ملک کے معاشی حالات کو بہتر کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

پیٹرولیم مصنوعات ہوں یا بجلی،گیس ان سب کا بوجھ عوام کے ناتوا کاندھوں پر ڈال دیا گیا ہے۔ہر نئی آنے والی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے دعوے تو کرتی ہے مگر آنے کے بعد وہی پرانی روایت برقرار رکھی جاتی ہیں۔بلال سلیم قادری کا مزید کہنا تھا کہ سابقہ حکومتوں نے شہر قائد کے مکینوں کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا ہے۔اگر کراچی کے حالات اسی طرح چلتے رہے تو پھر ملک کے معاشی حالات مزید خراب ہو جائیں گے۔

حکومت کو چاہیے کہ کراچی کے لیے خصوصی ریلیف پیکج کا اعلان کر کے اس پر فوری عمل درآمد کرے۔کراچی کی خوشحالی سے ہی ملک میں خوشحالی آئے گی۔بیرونی ممالک سے کاروبار کے ذریعے ملک کا افراط زر بڑھانے والے بزنس مین بڑھتے ہوئے مسائل کے باعث دیگر ممالک میں جا کر کاروبار کرنے کا سوچ رہے ہیں۔وجہ صرف یہی ہے حکومت ان کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔ان سب چیزوں کے ساتھ ساتھ کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے بھی حکومت کو لائے عمل بنانا پڑے گا۔#