تمام کنٹریکٹ ڈیلی ویجززسینییٹیشن اسٹاف کو کارکردگی کی بنیاد مستقل کیا جائے،سید ذوالفقار شاہ

پیر 15 اپریل 2024 20:05

ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے مرکزی چیئرمین سید ذوالفقار شاہ (کراچی) مرکزی صدر ملک نویداعوان (پشاور)، مرکزی جنرل سیکرٹری ملک نصیرالدین ہمایوں (گوجرانوالہ)، بانی رہنما غلام محمد ناز (راولپنڈی)صدراتی تمغہ امتیاز نے ملک بھر کے بلدیاتی اداروں میں گندگی کا خاتمہ کرنے والے صفائی ستھرائی پر مامور عملے کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق ملک بھر کے تمام کنٹریکٹ ،ڈیلی ویجرز سینیٹیشن اسٹاف کو فوری طور پرانکی کارکردگی کی بنیاد پر مستقل کیا جائے اور دوران ڈیوٹی خصوصاً گٹر لائنوں پر کام کیدوران انہیں حفاظتی سامان مہیا کیاجائے اور انہیں علاج معالجے کی سہولت دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سینیٹری ورکرز لازمی سروس کا حصہ ہونے کے باوجود عرصہ دراز سے ڈیلی ویجرز اور کنٹریکٹ پر کام کرنے پر مجبور ہیں اور سپریم کورٹ کے حکم پر قائم کردہ منارٹی کمیشن کی سفارشات پر بلا امتیاز بلاتفریق مذہب مسلم اور غیرمسلم افراد سینٹیشن ورکرز کی حیثیت سے کنٹریکٹ پرکام کررہے ہیں۔اور مستقل ملازمت کی مراعات سے محروم ہیں۔ان رہنماؤں نے ہولی،ایسٹراور عیدالفطر کے موقع پر ملک بھر کے بلدیاتی ہندو،مسیحی اور مسلم اسٹاف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔