کسانوں کو حکومتی ریٹ پر کھادوں کی بروقت دستیابی کو یقینی بنانا چاہیے، ملک شاکر بشیر اعوان

پیر 15 اپریل 2024 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا ہے کہ کسانوں کو حکومتی ریٹ پر کھادوں کی بروقت دستیابی کو یقینی بنانا چاہیے، اس ضمن میں قومی اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس بھی جمع کرادیا ہے ، حکومت آئندہ مالی بجٹ میں کسانوں کو خصوصی پیکچ دے ، ایرانی صدر کا دورہ پاکستان کی سفارتی کامیابی ہو گی ۔

پیر کو قومی اسمبلی میں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا کہ ہمارا ملک زرعی ملک ہے اور بیشتر آبادی کا دارومدار زراعت پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ یوریا اور ڈی اے پی کھادوں سمیت دیگر کھادیں فصلوں کی نشوو نما کو بہتر بنانے کے لئے بے حد ضروری ہیں ۔ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا کہ بدقسمتی سے فصلوں کی کاشت کے موقع پر مافیا کھاد کی قلت پیدا کر کے اسے بلیک کر دیتا ہے اور مہنگے داموں فروخت کی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوریا کھاد کی قیمتوں میں اضافہ روکنے اور کسانوں کے مسائل حل کرنے کے لئے اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع کروا دیا ہے جو کہ شیڈول کا حصہ تھا، امید ہے آئندہ اجلاس میں اس پر بحث کی جائے گی۔ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا کہ زراعت سے وابستہ لوگ وزیراعظم اور حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ کسانوں کے مسائل جلد حل کرائیں ۔ممبر قومی اسمبلی نے کہا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں کسانوں کی فلاح کے لئے خصوصی پیکج متعارف کرائے ۔

ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا کہ یوریا کھاد فصلوں کی بوائی کے وقت حکومتی ریٹ پر دستیاب نہیں ہوتی، اس حوالے سے حکومت کو عملی اقدامات اٹھا کر کھاد بلیک کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنی چاہیئے ۔انہوں نے کہا کہ میرا نوٹس عوامی نوعیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران برادر اسلامی ملک ہے، اس کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایرانی صدر کا پاکستان کا متوقع دورہ ہماری سفارتی کامیابی ثابت ہو گا۔