کراچی میں شہید ختم نبوت کانفرنس میں ملک بھر سے علماء مشائخ خراج عقیدت پیش کریںگے،مولانا محمدامین انصاری

پیر 15 اپریل 2024 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان میں شامل مختلف مکاتب فکر کے 300سے زائد جید علماء مشائخ ، ذاکرین ، مفتیان، شیوخ الحدیث اور خانقاہوں سے وابستہ سجادہ نشینوں نے قائد جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو کے 45ویں یوم شہادت کے موقع پر انہیں شہید ختم نبوت کا لقب دیاہے۔ علماء مشائخ کا کہنا تھا کہ شہید ختم نبوت ذوالفقار علی بھٹوکو اسلام و پاکستان کے دشمن باغیان ختم نبوت قادیانیوں اور ان کے بیرونی استعماری سرپرستوں نے ختم نبوت کے دفاع کے جرم میں پھانسی کے پھندے تک پہنچایا۔

ذوالفقار علی بھٹو شہید نے قادیانیوں کے خلاف 100سالوں سے جاری تحریک ختم نبوت کو کامیابی کے ساتھ منزل تک پہنچایا اور قادیانیوں کو آئینی و قانونی طور پر سرکاری سطح پر غیر مسلم اقلیت قرار دیا ۔

(جاری ہے)

شہید ختم نبوت ذوالفقار علی بھٹوکے اس عظیم تاریخی جرأت مندانہ کردار و خدمت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پاکستان سمیت امت مسلمہ ان کے اس دینی کردار کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔محاذ کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمدامین انصاری نے اس موقع پر اعلان کیا کہ عنقریب کراچی میں شہید ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیاجائے گا جس میں ملک بھر سے علماء مشائخ شرکت کرکے شہید ختم نبوت ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کریںگے۔