فیصل آباد میں مختلف حادثات و واقعات میں بچے، خاتون سمیت 4 افراد لقمہ اجل بن گئے اور 8 افراد زخمی ہوگئے

منگل 16 اپریل 2024 12:27

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) فیصل آباد میں مختلف حادثات و واقعات میں بچے اورخاتون سمیت 4 افراد لقمہ اجل بن گئے اور 8 افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثائ کے حوالے کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں مختلف حادثات و واقعات میں بچے اور خاتون سمیت 4افراد افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ بس الٹنے سے 8 افراد زخمی ہوگئے۔

دیوار گرنے پر ملبے تلے دب جانے سے 8 سالہ بچہ جان بحق ہوگیا۔ ستیانہ روڈ بائی پاس پر چک 71 خانوآنہ کے قریب بارش کا پانی بنیادوں میں پڑنے سے خستہ حال دیوار گر گئی دیوار گرنے سے 8 سالہ بچہ محمد فیض ولد علی احمد ملبے تلے دب کر جان بحق ہوگیا۔ اطلع ملنے پر ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم نے بچے کی نعش کو ملبے تلے سے نکال کر ورثائ کے حوالے کیا۔

(جاری ہے)

کنویں سے نامعلوم شخص کی نعش برآمد کی گئی۔

فیصل آباد ستیانہ روڈ پر چک 32 گ ب میں کنویں سے نامعلوم شخص کی نعش برآمد کی گئی۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ ریسکیو کنٹرول میں کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ ایک نامعلوم شخص کی لاش کنویں میں تیر رہی ہے۔ ریسکیو کنٹرول نے فوری امدادی ٹیمز کو روانہ کیا جنہوں نے موقع پر پہنچ کر تیرتی ہوئی لاش کو کنویں سے نکال کر متعلقہ پولیس اسٹیشن صدر فیصل آباد کے حوالہ کر دیا۔

ایکسپریس وے پر نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر لگنے سے 40سالہ شخص زندگی کی بازی ہار گیا، حادثہ کا مرتکب ڈرائیور گاڑی سمیت بھاگ گیا۔ جبکہ دوسرے حادثہ چک جھمرہ کے علاقہ 188 رب کے قریب پیش آیا جہاں پر 50سالہ خاتون زہرہ بی بی پیدل سڑک عبور کر رہی تھی کہ تیز رفتار کار کی زد میں آ کر بری طرح زخمی ہو گئی، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کر کے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

تیز رفتار بس الٹنے سے 8 افراد زخمی ہوگئے۔ فیصل آباد جھمرہ روڈ پر کچا پھاٹک ڈرائی پورٹ کے قریب تیز رفتار بس الٹنے سے 8 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ ریسکیو کنٹرول روم میں ایک تیز رفتار مسافر بس الٹنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ کنٹرول روم نے فوری طور پر امدادی ٹیموں کو موقع پر روانہ کروایا انسیڈنٹ کمانڈر نے موقع پر پہنچ کر بتایا کہ صورتحال نارمل ہے اور چیمہ بس سروس کی بس سانگلہ سے فیصل آباد جا رہی تھی جو جھمرہ روڈ پر ڈرائی پورٹ کچا پھاٹک کے نزدیک تیز رفتاری کے باعث سڑک کنارے گہرائی میں اترنے کی وجہ سے الٹ گئی جس کے نتیجے میں بس میں بیٹھے آٹھ مسافر شازیہ زوجہ بشیر، حسن رضا ولد عبدالرشید، زاہرہ بی بی، زوجہ بشیر احمد عمران ولد نعمت علی، لائبہ دختر امجد، شہباز ولد بشیر،ایمان دختر زاہداور فضیلت بی بی زوجہ ایم عمران زخمی ہوگئے۔

شدید زخمی ہونے پر شہباز، ایمان اور فضیلت بی بی کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد شفٹ کیا گیا جبکہ باقی پانچ زخمیوں کو موقع پر ہی فرسٹ ایڈ دی گئی۔