خیبر پختونخوامیں حالیہ بارشوں سے21افرادجاں بحق اور 32زخمی ہوئے ہیں، پی ڈی ایم اے

منگل 16 اپریل 2024 13:12

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) صوبہ خیبرپختونخوا میں چار روز کے دوران تیز بارش کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 21 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی جاری رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 9 بچے 9مرد اور 3 خواتین جبکہ زخمیوں میں 5خواتین ، 23 مرد اور 4 بچے شامل ہیں ۔رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور پر 330 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 53 گھروں کو مکمل اور 277 کو جزوی نقصان پہنچا۔

تیز بارش کے باعث جانی و مالی حادثات صوبے کے مختلف اضلاع بشمول خیبر، دیر اپر و لوئر، چترال لوئر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی وزیرستان، کوہاٹ اور اورکزئی میں رونما ہوئے ۔

(جاری ہے)

ترجمان پی ڈی ایم کے مطابق وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ افراد کے لواحقین کو امدادی چیکس بھی دیے جا رہے ہیں ۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع سوات، پشاور اور مہمند کے متاثرین کے لیے امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ، ہر ضلعے کو امدادی سامان میں 200 خیمے، 100 کچن سیٹ، 200 کمبل، 100 ہاجین کیٹس، 100 چٹائیاں، 200 مچھر دانیاں، 200 میٹریسس اور روزمرہ زندگی کی دیگر اشیا شامل ہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے لوئر چترال کے متاثرین کے لئے بھی پی ڈی ایم اے کے ویئر ہائوس سے 200 خیمے راوانہ کر دیے گئے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو اضلاع میں امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متاثرہ اضلاع میں بند سٹرکوں کو فوری ٹریفک کے لئے بحال کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔ پی ڈی ایم اے تمام ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اور امدادی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے،اس کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔