پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے، کاٹی

پیداواری لاگت بڑھنے سے انڈسٹری تباہی کے دہانے ہر پہنچ گئی، صدر جوہر قندھاری

منگل 16 اپریل 2024 17:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)کے صدر جوہر قندھاری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیداواری لاگت بے انتہا بڑھنے سے انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے ٹرانسپورٹیشن اخراجات میں بے تہاشا اضافہ ہوگیا ہے جسے کم کرنے کی ضرورت ہے۔

انڈسٹری کی پیداواری لاگت کم نہیں ہوگی تو پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی میں کیسے مقابلہ کریں گی۔ یہی وجہ ہے کہ خطہ میں انڈیا، بنگلہ دیش، پاکستان سے آگے نکلتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح انڈسٹری کو سہولیات فراہم کرنے پر مرکوز نظر نہیں آتیں۔

(جاری ہے)

صنعتکاروں پر کبھی بجلی، گیس، پیٹرول اور اضافی ٹیکسز کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔

حکومت صنعتکاروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات کرے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ صنعتکاروں کے مسائل دور کئے بغیر ایکسپورٹ میں اضافہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹیشن کے بڑھتے اخراجات نے صنعتکار کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ پاکستانی مصنوعات کی عالمی سطح پر مسابقت میں اضافہ کرنے کیلئے پیداواری لاگت کم کی جائے۔ جوہر قندھاری نے حکومت سے اپیل کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے، ورنہ صنعتیں بند ہونگی، ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا اور بے روزگاری میں خطرناک حد تک اضافہ ممکن ہے۔