پاکستان کی سعودی عرب کو پی آئی اے اور ائیرپورٹس کی نجکاری میں جوائنٹ وینچر کی پیشکش

پاکستان سرمایہ کاری کا مرکز بننا چاہتا ہے، پاکستان سعودی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ اور تعاون فراہم کرے گا، وزیر خارجہ اسحق ڈار پاکستان کے دورے سے بہت خوشی ہوئی، آئندہ چند ماہ میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کی طرف پیشرفت ہوگی،پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کیلئے کردار ادا کرینگے،پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع موجود ہیں، ہم معاشی ترقی اور علاقے کی سیکیورٹی کیلئے ملکر کام کریں گے،عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کرائے، عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی، ہم اپنے خطے میں محاذ آرائی نہیں چاہتے،سعودی وزیر خارجہ کی پریس کانفرنس

منگل 16 اپریل 2024 21:25

پاکستان کی سعودی عرب کو پی آئی اے اور ائیرپورٹس کی نجکاری میں جوائنٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے سعودی عرب کو قومی ائیر لائن پی آئی اے اور ائیرپورٹس کی نجکاری میں جوائنٹ وینچر کی پیشکش کی ہے جبکہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہاہے کہ پاکستان کے دورے سے بہت خوشی ہوئی، آئندہ چند ماہ میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کی طرف پیشرفت ہوگی،پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کیلئے کردار ادا کرینگے،پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع موجود ہیں، ہم معاشی ترقی اور علاقے کی سیکیورٹی کیلئے ملکر کام کریں گے،عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کرائے، عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی، ہم اپنے خطے میں محاذ آرائی نہیں چاہتے۔

منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس دوران سعودی وفد نے ایپکس کمیٹی سے ملاقات کی جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی خصوصی طور پر شریک تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ اس دوران ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی نے سعودی وفد کو سرمایہ کاری منصوبوں پر بریفنگ بھی دی۔

ذرائع کے مطابق سعودی وفد کو پی آئی اے اور ائیرپورٹس کی نجکاری میں جوائنٹ وینچرکی پیشکش کی گئی ہے، اس کے علاوہ سعودی وفد کو اسلام آباد میں 2 فائیو اسٹار ہوٹلزکی نجکاری میں بھی جوائنٹ وینچرکی پیشکش کی گئی، ہوٹلز کیلئے زمین سی ڈی اے کی ہوگی جب کہ سرمایہ کاری سعودی حکومت کریگی۔ذرائع کے مطابق وفد کو تجویز دی گئی کہ سعودی حکومت چاہے تو خود ہوٹل بنا کر چلائے ، اجلاس میں وفد کو مٹیاری ٹرانسمیشن لائن اور فرسٹ ویمن بینک کی بھی آفر کی گئی۔

سعودی وفد نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کو خوش آئند قراردیا۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اجلاس سے خطاب میں وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعاون سے بہترین نتائج کی امید ہے، برادرانہ تعلقات کو مضبوط شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے بہترین مواقع فراہم کرے گا، پاکستان میں سونا، تانبا اور دیگر قیمتی معدنیات کے ذخائر ہیں ، مائننگ سیکٹر سے پورا فائدہ نہیں اٹھایا جا سکاہے، آئی ٹی اور کان کنی کے شعبے میں تعاون دونوں ملکوں کے لیے مفید ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ایس آئی ایف سی یقینی بنائے گی کہ پاکستان میں سرمایہ کاری تیز ترین ہو اور سرمایہ کاری مشترکہ مفاد میں ہو، ایس آئی ایف سی یہ بھی یقینی بنائیگی کہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری پوری سہولت سے ہو۔دریں اثناء وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود، سعودی وفد کے ہمراہ وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچے ۔

وفد میں سعودی نائب وزیرِ برائے سرمایہ کاری عزت مآب انجینئر ابراہیم بن یوسف المبارک، سعودی وزیر برائے ماحولیات، آبی وسائل و زراعت عزت مآب انجینئر عبدالرحمن بن عبدلامحسن آلفضلی، سعودی وزیرِ صنعت و معدنی وسائل انجینئر بندر بن ابراہیم بن عبداللہ آلخریف اور اعلی سعودی حکام و سفارتی اہلکار شامل تھے ۔ وفد نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی اس موقع پر وزیرِ اعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا اور سعودی قیادت، خادم الحرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔

وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان اور سعودیہ عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جسکی نظیر نہیں ملتی۔ شہبازشریف نے کہاکہ سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوںنے کہاکہ عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے۔ انہوںنے کہاکہ دورہ پاکستان سعودیہ اسٹریٹجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔

شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں تعاون کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا پیغام دیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستانی عوام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی منتظر ہے۔وفد نے وزیرِ اعظم کا پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

سعودی وزیرِ خارجہ عزت مآب شہزاد فیصل بن فرحال آل سعود نے پاکستان سعودیہ تعلقات کی مضبوطی، تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری کو مزید فروغ دینے کیلئے سعودی عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون و سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔وزیر اعظم نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور اسکے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

وزیرِ اعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل میں ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تمام اداروں کے تعاون اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے کلیدی کردار پر بھی روشنی ڈالی۔سعودی وفد کا دورہ پاکستان، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے تناظر میں ہو رہا ہے۔ملاقات میں فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، سید محسن رضا نقوی، جام کمال خان، رانا تنویر حسین، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ محمد جہانزیب خان، رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم اور حکومتی حکام بھی شریک تھے ۔بعد ازاں و زیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس بریفنگ میں فیصل بن فرحان نے کہا کہ پاکستان میں سعودی وفد کی شاندار مہمان نوازی کرنے پر مشکور ہیں، پاکستانی حکام سے ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے اسٹریٹیجک ایشوز پر بات چیت کی گئی۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ چند ماہ میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کی طرف پیشرفت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں، آئندہ چند ماہ میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کی طرف پیشرفت ہوگی۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایس آئی ایف سی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے ،نئی اپروچ ہمیں پسند آئی ہے، جس سے ہمیں اعتماد ملا ہے۔

انہوںنے کہاکہ دورہ وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات کا نتیجہ ہے، محمد بن سلمان کی ہدایت پر ہی دورہ پاکستان کررہے ہیں۔فیصل بن فرحان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع موجود ہیں، ہم معاشی ترقی اور علاقے کی سیکیورٹی کے لئے ملکر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس دورے سے پرامید ہیں، پاکستان اور سعودی عرب میں تعمیری گفتگو ہوئی اس کا فالو اپ کریں گے۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے، سعودی عرب کو باضابطہ طور پر آئی سی ایف سی سے متعلق آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہاکہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاروں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گے، سعودی وفد کی آمد پر انتہائی خوشی ہوئی، اتنا اعلیٰ سطح کا سعودی وفد 35 برس میں پاکستان آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے مشکور ہیں، پاکستانی حکومت اور عوام میں سعودی عرب کا احترام ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی قیادت کی پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی پر شکر گزار ہیں، ایس آئی ایف سی پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان سرمایہ کاری بڑھانا چاہتا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان سرمایہ کاری کا مرکز بننا چاہتا ہے، پاکستان سعودی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ اور تعاون فراہم کرے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سعودی وفد سے آئی ٹی معدنیات، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری پر بات چیت ہوئی ہے۔ایک سوال پر سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ دورہ پاکستان کے نتائج آنے والے وقتوں میں سامنے آئیں گے، پاکستان اور سعودی عرب مل کر باہمی مفاد حاصل کر سکتے ہیںانہوں نے کہا کہ غزہ میں فوری سیزفائر ہونا چاہیے، غزہ میں 33 ہزارفلسطینی شہید ہو چکے ہیں، عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کرائے، عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی، ہم اپنے خطے میں محاذ آرائی نہیں چاہتے۔