پی بی 9کے چار پولنگ سٹیشنز میں 24اپریل ،پی بی 51کے 12پولنگ اسٹیشنز میں 21اپریل کو ری پولنگ کا اعلان

منگل 16 اپریل 2024 20:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 9کے چار پولنگ اسٹیشنز میں 24اپریل جبکہ پی بی 51کے 12پولنگ اسٹیشنز میں 21اپریل کو ری پولنگ کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعلامیوں کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 9کوہلو کے علاقے نسائو کے چار پولنگ اسٹیشنز میں 24اپریل کو دوبارہ پولنگ ہوگی اس حلقے میں پیپلز پارٹی کے امیدوار میر نصیب اللہ مری نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نواب جنگیز مری کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا ۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 51چمن میں کامیاب ہونے والے سابق اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن معطل کردیاگیا ہے جبکہ حلقے کے پولنگ 12پولنگ اسٹیشنز 56،57، 61، 62، 79، 89، 90، 91، 95، 106، 129، 130میں ری پولنگ 21اپریل کو ہوگی ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں حلقوںکی ری پولنگ کا عمل صبح 8سے شام 5بجے تک بلا وقفہ ہوگا ۔