برج خلیفہ کے سامنے پانی ہی پانی

متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارشوں کے بعد ریڈ الرٹ جاری، دبئی کے بڑے شاپنگ مالز، میٹرو اسٹیشنز میں پانی داخل، شیخ زاید روڈ کے متعدد حصے بند کردیے گئے

muhammad ali محمد علی منگل 16 اپریل 2024 23:50

برج خلیفہ کے سامنے پانی ہی پانی
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل2024ء) برج خلیفہ کے سامنے پانی ہی پانی، متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارشوں کے بعد ریڈ الرٹ جاری، دبئی کے بڑے شاپنگ مالز، میٹرو اسٹیشنز میں پانی داخل، شیخ زاید روڈ کے متعدد حصے بند کردیے گئے۔ خلیج ٹائمز، گلف نیوز اور دیگر خلیجی خبر رساں اداروں کے مطابق خطہ خلیج کے کئی علاقے طوفانی بارشوں والے موسم کی زد میں ہیں۔

خاص کر متحدہ عرب امارات کو غیر معمولی موسمی صورتحال کا سامنا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں دبئی، شارجہ اور ابوظہبی سمیت دیگر ریاستوں میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کے بعد وسیع علاقے اور شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں۔ دبئی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا، بازار، شاپنگ مالز اور میٹرو اسٹیشنز میں بارش کا پانی داخل ہوگیا۔

(جاری ہے)

شارجہ کی کئی سڑکیں نہروں میں بدل گئیں، عجمان میں بھی طوفانی بارشوں نے نظام زندگی معطل کردیا۔

دبئی میں شیخ زاید روڈ کے متعدد حصے بند کردیے گئے، دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے سامنے بھی پانی جمع ہو گیا۔ موسلادھار و طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کے بعد بیشتر علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔ منگل کو موسلادھار بارش ہوئی ہے جس کے باعث حکومتی اداروں نے ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔ تمام رہائشیوں کو وادیوں، نشیبی علاقوں اور سیلاب کی گزرگاہوں سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

شارجہ، ام القوین اور عجمان میں تمام تعلیمی ادارے بند اور تدریسی عمل آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دبئی میں بھی بارش کے باعث سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں بدھ 17 اپریل کو بھی تمام سرگرمیاں آن لائن ہوں گی۔ تمام سرکاری اداروں میں ملازمین گھروں سے ڈیوٹی انجام دیں گے۔ موسمی حالات کی وجہ سے دفاتر کو بند رکھا جائے گا۔