بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا سڑکوں پر داخلہ بند، بھاری جرمانے کی ہدایت کردی گئی

شہر میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو سڑک پر نہیں آنے دیں گے، تمام شاہراہوں پر کریک ڈاؤن ہوگا، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 2 ہزار روپے کا چالان ہوگا۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 اپریل 2024 13:28

بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا سڑکوں پر داخلہ بند، بھاری جرمانے کی ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل 2024ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت مال روڈ سمیت لاہور کی دیگر سڑکوں پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا داخلہ بند کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک افسر لاہور عمارہ اطہرنے شہر میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کا بھاری چالان کرنے کی ہدایت کردی، اس حوالے سے انہوں نے کہا ہے کہ شہر میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو سڑک پر نہیں آنے دیں گے، آج سے مال روڈ اور دیگرسڑکوں پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کا داخلہ بند ہوگا، کینال روڈ اور جیل روڈ سمیت تمام اہم شاہراہوں پر بھی کریک ڈاؤن ہوگا، اس لیے لاہور میں کہیں بغیر ہیلمٹ کوئی موٹر سائیکل چلاتا نظر نہ آئے جو بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلاتا نظر آیا اس پر 2 ہزار روپے کا جرمانہ ہوگا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ کم عمر ڈرائیورز کے خلاف بھی خصوصی کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے، لاہور ٹریفک پولیس نے ون ویلرز، ہلڑ بازوں اور بغیر سائلنسر موٹرسائیکلسٹ کو آڑے ہاتھوں لینے کا حکم دے دیا، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کے حکم پر خصوصی دستے تعینات کر دیئے گئے۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں، چھٹیوں میں کم عمر موٹرسائیکلسٹ، گاڑیاں اور رکشے لے کر سڑکوں پر دکھائی دیتے ہیں، ایسے افراد کے خلاف کارروائی کے لیے ٹریفک وارڈنز کا خصوصی دستہ مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ مین بلیوارڈ، علامہ اقبال روڈ، مین بلیوارڈ ڈیفنس پر تعینات کیا گیا ہے، ون ویلنگ اور ہلڑبازی روکنے کے لیے خصوصی نفری تعینات کردی گئی۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ کم عمر ڈرئیورز کو گاڑی، موٹر سائیکل دینے والے والدین کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، آر پی اوز، ڈی پی اوز اور ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس افسران بلا تفریق کریک ڈاؤن کریں کیوں کہ گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلانے والے کم عمر ڈرائیورز کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے کم سن ڈرائیورز اپنے ساتھ دیگر شہریوں کی زندگیوں کیلئے خطرات کا باعث بنتے ہیں، لاہور سمیت بڑے اضلاع میں اوور سپیڈنگ کرنے والے ڈرائیورز کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے سپیڈ گنز بھی لگائی جا رہی ہیں۔