سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مشکور ہیں سعودی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا،وزیراعظم شہباز شریف

سعودی وفد کے دورے سے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی، سعودی وفد پاکستانی وزرا اور حکام کی تیاری سے متاثرہوا،وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 17 اپریل 2024 14:28

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مشکور ہیں سعودی وفد نے پاکستان ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اپریل2024 ء) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مشکور ہیں کہ سعودی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا ،سعودی وفد کے دورے سے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی،عوام سے کئے وعدے کے مطابق ملکی ترقی کیلئے دن رات محنت کریں گے۔وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کابینہ کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور رمضان المبارک کی برکتوں کے طفیل پاکستان کیلئے ترقی و خوشحالی کی دعا کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی وفد پاکستانی وزرا اور حکام کی تیاری سے متاثرہوا، سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس کابرملا اظہارکیا، سعودی وفدکے دورے سے ملک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی، سرمایہ کاری کی پاکستان میں آمد اور منصوبوں کی تکمیل کویقینی بناناہے۔

(جاری ہے)

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مشکور ہیں کہ میرے حالیہ دورے کے بعد انکی خصوصی دلچسپی کے تحت سعودی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں اسی طرح محنت اور لگن سے اس سرمایہ کاری کی پاکستان میں آمد اور منصوبوں کی تکمیل یقینی بنانا ہے، اس حوالے سے نہ تو پرانے طریقہ کار پر چلنے کی گنجائش ہے اور نہ میں اسکی اجازت دونگا۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ اپنی عوام سے کئے گئے عہد کے مطابق پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات محنت کریں گے۔محنت سے ترقی وخوشحالی،معاشی استحکام کے اہدف جلدحاصل کرلیں گے۔

مجھے پورا یقین ہے کہ اگر ہم اسی طرح محنت کرتے رہے تو پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور معاشی استحکام کے اہدف جلد حاصل کر لیں گے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف سے سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلی سطح وفد نے وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کی تھی۔سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سعودی وفد کے ہمراہ وزیرِ اعظم ہاوٴس اسلام آباد پہنچے تھے جہاں وزیرِ اعظم شہبازشریف نے سعودی وزیرِ خارجہ کا استقبال کیاتھا۔

اس موقع پر شہبازشریف کے ہمراہ وزیرخارجہ اور دیگر کابینہ ارکان بھی موجود تھے۔ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی تھی۔تمام وزراءنے اپنی وزارتوں سے متعلق منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی تھی۔ سعودی وفد کو ٹرانسمیشن لائنز ،سولر پراجیکٹس، کان کنی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز بھی دی گئیں تھیں۔وزیراعظم اور سعودی وزیرخارجہ کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر بھی بات چیت کی گئی تھی۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیاتھا۔