چیف الیکشن کمشنر کی قیادت میں وفد کا الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معائنہ اور انتخابی مراحل میں اس کے استعمال کے امکانات و ممکنات کا جائزہ لینے کے لیے برازیل کا دورہ

بدھ 17 اپریل 2024 17:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی قیادت میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے معائنہ اور انتخابی مراحل میں اس کے استعمال کے امکانات و ممکنات کا جائزہ لینے کے لیے برازیل کا دورہ کیا۔بدھ کو ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق واضح رہے کہ اس وقت دنیا میں کئی ممالک انتخابی مراحل میں ای وی ایم کا جزوی طور پر استعمال کر رہے ہیں تاہم برازیل اور بھارت دو ایسے ممالک ہیں جہاں ای وی ایم کا استعمال ملکی سطح پر کیا جا رہا ہے ۔

اس حقیقت کے پیش نظر کہ برازیل کا انتخابی نظام دنیا کے بہترین اور ٹیکنالوجی کے اعتبار سے جدید ترین نظاموں میں شمار ہوتا ہے، الیکشن کمیشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے برازیل کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

تین روزہ دورے کے دوران پاکستانی وفد کی قیادت چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ نے کی جبکہ وفد میں صوبائی الیکشن کمشنر (پنجاب) اعجاز انور چوہان، ڈائریکٹر جنرل (انفارمیشن ٹیکنالوجی) محمد خضر عزیز اور ڈائریکٹر ندیم زبیر شامل تھے۔

پاکستانی وفد نے دورے کے دوران برازیل میں الیکشن کے انتظام و انصرام کے ذمہ دار ادارے "ٹربیونل سپیرئر الیکٹورل (ٹی ایس ای)" کے مختلف شعبوں کے سربراہان سے مفید، بامقصد اور تعمیری ملاقاتیں کیں۔یہ ملاقاتیں انفرادی طور پر ٹی ایس ای کے سیکرٹری کمیونی کیشن اور ملٹی میڈیا، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اور شناختی انتظامی شعبےکے سربراہ سے منعقد ہوئیں۔

ان ملاقاتوں میں برازیلین الیکشن حکام نے پاکستانی وفد کو برازیل میں مروجہ و مستعمل انتخابی نظام، اس کے مختلف مراحل اور اس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے استعمال پر تفصیلی بریفنگز دیں۔ ملاقاتوں کے دوران جن اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں "انتخابی مراحل پر سماجی اعتماد کے استحکام کے اقدامات"، "برازیلی ای وی ایم کا تعارف"، "انتخابی عمل میں زیر استعمال پہچان /نشاندہی کا نظام اور ڈس انفارمیشن کے تدارک کے لیے خاص مشاورت/راہنمائی" جیسے موضوعات شامل تھے۔

پاکستانی وفد کے مشاہدہ کے لیے ای وی ایم کے عملی استعمال کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ ان ملاقاتوں کے اختتام پر چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ اور برازیل ٹربیونل سپیرئر الیکٹورل (ٹی ایس ای) کے صدر و برازیل سپریم کورٹ کے چیف جسٹس الیشاندرے دیمورائس کے مابین اہم ملاقات ہوئی جس کے دوران مختلف اہم امور بشمول ای وی ایم کے استعمال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔الیکشن کمیشن پاکستان میں ای وی ایم کے پائلٹ منصوبوں میں استعمال کے تناظر میں برازیل کے انتخابی نظام کا مزید مطالعہ جاری رکھے گا اور اس اہم فریضے کی تکمیل میں الیکشن کمیشن کا انفارمیشن ٹیکنالوجی ونگ اور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) مشترکہ طور پر آئندہ کے لیے لائحہ عمل تیار کریں گے۔