پی ٹی آئی کا فیض آباد دھرنے کے حوالے سے کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ

سفارشات کی روشنی میں ذمہ داریوں سے انحراف ،مِس کنڈکٹ کی مرتکب پنجاب حکومت خصوصاً شہبازشریف کیخلاف کارروائی کی جائے

بدھ 17 اپریل 2024 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف نے فیض آباد دھرنے کے حوالے سے کمیشن کی رپورٹ فوری طور پر منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں ذمہ داریوں سے انحراف اور مِس کنڈکٹ کی مرتکب پنجاب حکومت خصوصاً شہبازشریف کے خلاف کارروائی کی جائے ۔پی ٹی آئی کے میڈیا سیل کی جانب سے پی ٹی آئی کے ترجمان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ فیض آباد دھرنا کمیشن کی رپورٹ کے مختلف صحافتی ذرائع سے سامنے آنے والے مندرجات کئی پہلوئوں سے اہم ہیں، اس رپورٹ کے مصدقہ مندرجات سے آگاہی قوم کا بنیادی حق ہے اس لئے اسے بلاتاخیر منظرعام پر لایا جائے، کمیشن نے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال سمیت لیگی حکومت کی کابینہ کی کلیدی شخصیات کی گواہی کی روشنی میں شہبازشریف اور ان کی پنجاب حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ہے، شہبازشریف مستعفی ہوں اور اپنی مجرمانہ کوتاہیوں کا جواب قوم کو پیش کریں۔

(جاری ہے)

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ دھرنا کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں شہباز شریف اور ان کی کابینہ کے خلاف فوجداری مقدمات کے اندراج کے احکامات بھی صادر کرے، اہم قومی و حکومتی امور پر بننے والی کمیشنز کی رپورٹ دبا کر اپنے جرائم چھپانا اور ذمہ داروں کو بچانا بھی اقتدار پر غاصب مجرموں کا وطیرہ ہے، کمیشن نے اپنی سفارشات میں خفیہ ایجنسیوں اور اداروں کے سیاست میں کردار پر بھی لب کشائی کی ہے جس کی حقیقت قوم پر کھلنا اہم ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان رپورٹ کو منظر عام پر رکھنے اور کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد سمیت ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کے احکامات صادر کریں۔