جموں و کشمیرعالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے ،بھارت خطے میں نام نہاد انتخابی ڈراموں کے ذریعے اس کی متنازعہ حیثیت کو ہرگز تبدیل نہیں کر سکتا، شبیر احمد شاہ

بدھ 17 اپریل 2024 17:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیرعالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت خطے میں نام نہاد انتخابی ڈراموں کے ذریعے اس کی متنازعہ حیثیت کو ہرگز تبدیل نہیں کر سکتا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ انتخابات کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا ہرگز نعم البدل نہیں۔

انہوں نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں نام نہاد انتخابات کے بجائے مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور مستقل حل کیلئے ماحول کو سازگار بنائے۔شبیر شاہ نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارتی حکمرانوں اور مقبوضہ علاقے میں ان کے کٹھ پتلیوں کے کھوکھلے نعروں کو مسترد کر دیا ہے اور وہ غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

قابض بھارتی حکام نے ادھم پور پارلیمانی حلقے کے انتخابات سے قبل ضلع رامبن میں سخت پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔ ضلع میں دفعہ 144نافذ کر کے پانچ یا اس سے زائد افراد کے اکھٹے ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ادھمپور حلقے میں نام نہاد بھارتی پارلیمانی انتخابات کا انعقاد 19اپریل کو ہوگا۔ ضلع راجور ی میں بھارتی فوج کے ایک کیمپ میں ایک شہری کی ہلاکت کے خلاف لوگوں نے شدید احتجاج کیا۔

32سالہ امرت سنگھ ضلع کے علاقے تلیاں نوشہرہ میں واقع بھارتی فوج کے کیمپ میں ٹرانسمیشن لائن کی مرمت کررہا تھا کہ اس دورا ن بجلی کی بحالی کے نتیجے میں وہ کرنٹ لگنے سے موقع پر دم توڑ گیا۔ علاقے کے لوگوں نے اسکی کی موت پر شدید احتجاج کیا ۔ مظاہرین نے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے شوپیاں میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پارلیمانی انتخابات سے قبل مقبوضہ علاقے میں سیکڑوں کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر کے ان پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیرکو جیل میں تبدیل کر کے اظہار رائے کی آزادی کا حق مکمل طور پر سلب کر لیا گیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں سری نگر شہر میں کشتی الٹنے کے المناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے حادثے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ سری نگر کے علاقے بٹوارہ میں گزشتہ روز دریائے جہلم میں کشتی الٹنے سے سکول جانے والے پانچ بچوں سمیت چھ افراد کی جانیں چلی گئی تھیں جبکہ تین افراد تاحال لاپتہ ہیں۔