سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے اقتصادی،سیاسی اور سماجی تعلقات کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا ، عبدالخالق لک

بدھ 17 اپریل 2024 22:37

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) سعودی عرب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عبدالخالق لک نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں اعلی سطح وفد کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے اقتصادی،سیاسی اور سماجی تعلقات کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا ۔ پارٹی میڈیا آفس سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سعودیہ کے اعلیٰ سطحی وفد کے دورے سے ترقی اور امید کی نئی کرن پیدا ہوئی ہے۔

دونوں ممالک کے در میان معاشی میدان میں تعاون وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔سعودیہ کی جانب سے معدنیات ، نجکاری ، پٹرولیم اور دیگر شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری سے معیشت کا پہیہ گھو مے گا اور پاکستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ مذہب اور تاریخ کے رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں، دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی ہر ماہ قیمتی زر مبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں جو ہماری معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن )کی حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں امداد کے بجائے سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کے امکانات پیدا کرنے پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ابتدائی عرصے میں ہی عالمی اداروں نے معاشی بحالی کے حوالے سے اچھی خبریں سنائی ہیں، ورلڈ بینک،آئی ایم ایف،بلوم برگ سمیت دیگر معاشی ایجنسیاں بہتر مستقبل کی نوید سنا رہی ہیں، پاکستان میں سیاسی استحکام سے معاشی استحکام بھی آئے گا جس کا براہ راست اثر مہنگائی میں کمی پر پڑے گا۔حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے اگلے برس زرعی اور صنعتی پیداوار بہتر ہوگی۔غذائی اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی ہوگی، اصلاحات پر تیزی سے عمل ہوا تو شرح ترقی اسی سال بڑھ سکتی ہے۔پاکستانی خواتین کو مالیاتی شمولیت کے پروگرام میں شامل کیے جانے کی ضرورت ہے۔