مئی کو کراچی میں عوامی اسمبلی جمہوریت پسند عوام کی ترجمانی کرے گی،شیخ الحدیث مولانانورالحق

جلسہ عام کیلئے جے یو آئی ضلع جنوبی کی تیاریاں شروع،علامہ راشد محمود سومرو 21 اپریل کو ضلع جنوبی کا دورہ کریں گے

جمعرات 18 اپریل 2024 18:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) جمعیت علمااسلام ضلع جنوبی کراچی کے امیر شیخ الحدیث مولانانورالحق نے کہا ہے کہ جمہوریت کے نام پر عوام کا مینڈیٹ چرانے والے آئین اور حقیقی جمہوریت کے دشمن ہیں،جرائم کی شرح میں خوفناک اضافہ ناکام حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کانتیجہ ہے،مولانافضل الرحمن نے قوم کو جرات، ہمت اور سر اٹھا کر چلنے کا ڈھنگ سکھا دیا ہے، 2 مئی کو کراچی میں عوامی اسمبلی سندھ کے باشعور عوام کی ترجمانی کرے گی، وہ مدرسہ تعلیم الاسلام ہجرت کالونی میں جے یو آئی ضلع جنوبی کی مجلس عاملہ اور پی ایس کے امرا و جنرل سیکرٹریز کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے،اجلاس میں جے یو آئی کے تحت 2 مئی کو عوامی جلسہ کیلئے کراچی جنوبی کی تیاریوں کیلئے حکمت عملی تیار کی گئی اور یونٹس کو بھرپور تیاریاں کرنے کی ہدایت دی گئی،سندھ عوامی اسمبلی کی تیاریوں کے سلسلیمیں صوبائی قائد علامہ راشد محمود سومرو 21 اپریل کو ضلع جنوبی کا دورہ کریں گے،مولانا نور الحق نے کہا کہ عوامی اسمبلی جے یو آئی کی نہیں بلکہ پوری پا کستانی قوم کی نمائندہ اسمبلی ہے،ہر محبِ وطن اور دردِ دل رکھنے والا پاکستانی اس عوامی اسمبلی جلسہ عام میں شریک ہوکر موجودہ سسٹم کے خلاف نفرت کا اظہار کرے،عوام ظالم نظام اور اسکے محافظوں کے خلاف گھروں سے باہر نکل آئیں،چوری شدہ الیکشن کے جعلی میندیٹ سے بننے والی حکومت عوامی سیلاب کے سامنے نہیں رک سکے گی،پاکستان کے مظلوم عوام کو ظالم حکمرانوں سے نجات دلانے کے لیے ہم نئی عزم سے میدان میں ہیں،کراچی جلسہ ثابت کرے گا کہ اہل کراچی جمہوری تحریک کا ہر اول دستہ ہیں۔