کویت ایئر پورٹ پر 2 دن سے پھنسے 50 سے زائد پاکستانی پریشان حال

جمعرات 18 اپریل 2024 20:41

کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2024ء) کویت ایئر پورٹ پر 2 دن سے پھنسے 50 سے زائد پاکستانی مسافر سخت پریشانی میں مبتلا ہیں ۔ دو دن سے بھوکے پیاسے مسافروں نے حکومت پاکستان سے فوری امداد کی اپیل کی ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک مسافر فہیم الدین نے بتایا ہے کہ پاکستانی مسافر عمرے کی ادائیگی کے لیے دبئی سے سعودی عرب گئے تھے، غیر ملکی ایئرلائن نے بھارتی اور نیپالی مسافروں کو ہوٹل بھیج دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی پاسپورٹ کے حامل مسافروں کو ایئرپورٹ پر ہی چھوڑ دیا گیا، ہم مدینہ منورہ سے براستہ کویت دبئی کے لیے سفر کر رہے تھے۔مسافرفہیم نے بتایا کہ دبئی میں طوفان کی وجہ سے پرواز کویت میں رکی ہوئی ہے، غیر ملکی ایئرلائن نے پاکستانی مسافروں سے اچھا برتاونہیں کیا،2 دن میں صرف 2 مرتبہ کھانا دیا گیا، آخری مرتبہ کل رات کھانا دیا تھا۔انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ کویت میں پاکستانی قونصل خانے سے بھی رابطے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستان حکومت سے فوری مدد کی اپیل کرتے ہیں۔