پیپلز پارٹی کچرا اٹھانے اورتجارتی مقاصد میں استعمال کرنے میں ناکام ہے، پاسبان

جمعرات 18 اپریل 2024 21:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مسلسل حکومت میں رہنے کے باوجود کچرا اٹھانے اور اسے تجارتی مقاصذ میں استعمال کرنے میں ناکام رہی ہے۔دہلی میں کچرا سے بجلی اور باقی دنیا میں بہت سارے پراڈکٹس بن رہے ہیں۔ یہ کام پرائیوٹ کمپنیوں کو دیا جاسکتا ہے۔

کچرا بیچ کر سندھ حکومت اضافی آمدنی حاصل کر سکتی ہے۔ لیکن کچرے پر بھی مافیا کا راج ہے۔ الٹا سندھ حکومت کچرا اٹھانے پر پیسے خرچ کرتی ہے۔ کچرے کو ٹھکانے لگانے کا باقاعدہ انتظام نہ ہونے کی وجہ سے پورا سندھ وبائی امراض کا شکار ہے۔ کراچی میں گنجان آبادی کی وجہ سے یہ مسئلہ زیادہ پیچیدہ ہے۔ بارشوں کے بعد غلاظت اور تعفن پیدا ہوتا ہے اور اس کے بعد وبائی امراض پھوٹ پڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت بے حسی کی تصویر بنی بیٹھی رہتی ہے۔ بڑھکیں ہانکنے اور دیدہ دلیری سے جھوٹ بولنے میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو ملکہ حاصل ہے۔وبائی امراض سے نمٹنے کے لئے اسپرے بھی خریدے جاتے ہیں اور دوائیاں بھی لیکن یہ سب کاغذی کاروائیوں کے ذریعے کرپشن کی نظر ہو جاتا ہے۔ وزیروں کی فوج ظفر موج بیکار مباش" کچھ کیا کر کچھ نہیں تو پاجامہ ادھیڑ کر سیا کر" کی مثال بنی ہوئی ہے۔

گندگی و کچرے کے ڈھیر اور سیوریج کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے شہر میں کروڑوں کی تعداد میں مچھروں کی افزائش نسل ہورہی ہے۔ ملیریا اور ڈینگی کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جو تشویش کا باعث ہے۔ اسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں۔ ملیریاو ڈینگی سمیت دیگر امراض اور وبائوں کی روک تھام کے لیے میئر کراچی مرتضٰی وہاب فوری طور پر شہر بھر میں مچھر مار اسپرے کرائیں۔

اگر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے فوری طور پر شہر بھر میں مچھروں کے خاتمے کے لیے اسپرے مہم شروع نہ کی تو پاسبان عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کرے گی۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں تیزی سے پھیلتے امراض پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے مزید کہا کہ ماضی میں میونسپل کارپوریشن کے مختلف ڈپارٹمنٹ شہریوں کو سہولتوں فراہم کرنے کے حوالے سے سال بھر متحرک رہتے تھے مگر اب جب تک مسائل سے شہری بلبلا نہ اٹھیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران گھوڑے بیچ کر سوئے رہتے ہیں۔

میئر کراچی سمیت ملک بھر میں جعلی لیڈرشپ کو عوام پر مسلط کردیا گیا ہے جس کے باعث ملک مسائلستان بن کر رہ گیا ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کا اربوں کا بجٹ کہاں صرف ہو رہا ہی ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔