دہشت گردی سے ہماری قومی سلامتی، علاقائی امن اورخوشحالی کو خطرہ ہے، صدرمملکت

جمعرات 18 اپریل 2024 21:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے ہماری قومی سلامتی، علاقائی امن اورخوشحالی کو خطرہ ہے، پاکستان دہشت گردی کو ایک مشترکہ خطرہ سمجھتا ہے۔ جمعرات کو 16 ویں قومی اسمبلی کے پہلے پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اپنے خطاب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردی کی عفریت کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، پڑوسی ممالک سے دہشت گرد گروہوں کا سختی سے نوٹس لینے کی توقع رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر نے کہاکہ دہشت گرد گروہ ہماری سکیورٹی فورسز اور عوام کے خلاف حملوں میں ملوث ہیں، دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے قوم کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں، میری اہلیہ اور دو بار منتخب وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان دی ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اتحاد اور تحریک پیدا کرنے میں کبھی بھی پیچھے نہیں رہیں گے۔ صدرنے کہاکہ ہمیں اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فخر ہے، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور قومی سرحدوں کے دفاع میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔