صدرمملکت کا مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین، ترکی اور قطرسے اظہار تشکر

جمعرات 18 اپریل 2024 22:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) صدرمملکت آصف علی زرداری نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین، ترکی اور قطر کا شکریہ ادا کیاہے۔ جمعرات کو16 ویں قومی اسمبلی کے پہلے پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اپنے خطاب میں صدرمملکت نے پاکستان اوردوست ممالک کے درمیان تعلقات کاخصوصی طورپرذکرکیا۔

صدر مملکت نے کہاکہ امریکہ، یورپی یونین اور برطانیہ ہمارے تجارتی شراکت دار رہے ہیں اور امید ہے کہ امریکہ، یورپی یونین اور برطانیہ کیساتھ تعاون میں مزید اضافہ ہو گا۔ صدرنے مختلف شعبوں میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر چین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اورکہاکہ پاک-چین پائیدار تزویراتی اور سدابہار دوستی خطے میں استحکام کی بنیاد ہے، ہم علاقائی امن، روابط اور خوشحالی کے فروغ اور استحکام برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل سمیت مشترکہ اہداف کے فروغ کیلئے چین کے ساتھ کام کرتے رہیں گے اور دشمن عناصر کو اہم منصوبے کو خطرے میں ڈالنے، دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلق کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

صدرنے کہاکہ چینی بھائیوں اور بہنوں کی سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔