Live Updates

سکھ زائرین کی سہولت،خدمت اورحفاظت ہمارا فرض ہے جسے ہر قیمت پر نبھائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز

جمعرات 18 اپریل 2024 20:20

نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گوردوارہ دربارصاحب کرتار پورمیں ویساکھی اور خالصہ جنم دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کایہ اعزاز ہے کہ انہوں نے اپنی دھی رانی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنا کر مان بڑھایا ہے۔انڈین اور پاکستانی پنجاب کی تاریخ میں پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب کرنے پر دنیا بھر کے پنجابیوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔

پنجاب کی یہ بیٹی خدمت کر کے پنجاب کے ہر باپ اور ہر بھائی کی پگ کا شملہ اونچا رکھے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سکھ زائرین کی سہولت،خدمت اورحفاظت ہمارا فرض ہے جسے ہر قیمت پر نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کاحلف لینے کے بعد منصوبہ بنایا کہ کچھ ایسا کر سکیں کہ سکھ برادری کیلئے آسانی ہو۔

(جاری ہے)

سکھ مقدس مقامات اور علاقوں کی ڈویلپمنٹ کے ساتھ یہاں اچھے ہوٹل تعمیر کریں گے۔

ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی کے بہترین سروسز مہیا کی جائیں گی۔ پنجاب کی دھرتی کے دروازے پوری دنیا کے سکھوں کیلئے کھلے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں پاکستانی ہو اورٹھیٹھ پنجابی ہوں۔پنجاب کے لوگ خوش ہونا جانتے ہیں اورانہیں خوشیاں منانی آتی ہیں انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب میں بستے ہیں،پنجاب ہمارے دل میں بستا ہے۔اس موقع پر وزیراعلی مریم نوازشریف نے سکھ برادری کوپیغام دیتے ہوئے بتایا کہ نوازشریف نے کہا کہ ہمسائیوں سے لڑائی نہیں کرنی۔

دوستی کے دروازے کھولیں،دلوں کے دروازے کھولیں،ان کے لئے راستے کھولیں۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے بتایا کہ نواز شریف نے خصوصی طور پر سکھ برادری کو مبارکباد کا پیغام بھیجا اور کہا کہ میرے سکھ بھائی سرحد پار دوربین سے اپنے مقدس مقامات دیکھتے ہیں، انکے لئے راستے کھولو۔نواز شریف نے کہا کہ ہمسائیوں سے لڑائی نہیں کرنی، دلوں کے دروازے کھولیں۔

قائد محمد نوازشریف نے 2013میں پہلے سکھ کو ایم پی اے بنا کر اس کرتار پورراہداری کی بنیا د رکھی۔ رمیش سنگھ اروڑہ پاکستان کے پہلے سکھ وزیر ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سکھ برادری 15 ہزار ہو یا 25 ہزار، یہ ہمارے سر آنکھوں پر ہیں۔ سب سے پہلے پاکستانی ہوں پھر ٹھیٹھ پنجابی ہوں۔ہر پنجابی کی طرح پنجاب میرے دل میں بستا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ آپ کے مطالبے پر یہاں سڑک کی فوری تعمیر کا آرڈر دے کر آئی ہوں۔

انڈیا میں امرتسر، جاتی امرا میں میرے دادا پیدا ہوئے۔ انڈیا سے جب کوئی انکے گھر کی مٹی لے کر آیا تو اپنے دادا کی قبر پر ڈالی۔مجھے وزیراعلیٰ بننے پر انڈین پنجاب سے بھی مبارکبادیں موصول ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ درانتی سے گندم کی سنہری فصل کی کٹائی سے ویساکھی کا باقاعدہ آغازکر کے یہاں آئی ہیں ۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ اس کھیت میں فصل کی کٹائی کا اعزاز حاصل ہوا جہاں گرونانک سنگھ گندم کاشت کرتے تھے۔

گرونانک سنگھ خود کٹائی کرتے تھے،آٹا گوندھ کر روٹیاں پکاتے اورمہمانوں کو پیش کرتے۔ یہ گندم اب گوروگھرکے لنگرمیں مہمانوں کی سیوا کے لئے استعمال میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری طور پر پہلی مرتبہ بیساکھی کا تہوار منا رہے ہیں۔ پنجاب کے لوگوں کو خوشیاں منانی آتی ہیں اور یہ خوش ہونا بھی جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب میں اور پنجاب ہمارے دن میں بستا ہے۔

ایسٹر، ہولی، رمضان المبارک،عید اوراب خالصہ جنم دن اور ویساکھی کے تہوار چند ہفتوں کے فرق سے منائے جارہے ہیں۔یہ میرا پنجاب ہے،یہاں ویساکھی،ایسٹر،کرسمس،ہولی ، عید کی خوشیاں سب اکٹھے مل کر مناتے ہیں۔یہ بابرکت ایام سب کیلئے خوشی کا پیغام لائے ہیں۔نام جپنا، ہلال کمانا اور کھانا، خیرات کرنا جیسی قدریں اسلام اور سکھ ازم میں مشترک ہیں۔

دل کرتا ہے انڈین پنجاب کی طرح پاکستان کے پنجابی بھی فخر کے ساتھ پنجابی زبان دل کھول کر بولیں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے خطاب میں مخصوص انداز میں کہا کہ انہوں نے کہا کہ دنیا بھرتو آن والے سکھ بہناں تے بھراواں نوں جی آیاں نوں ……تہاڈا آنا سر متھے تے۔ سکھ بھراواں تے بہناں نوں خالصہ جنم دن دی مبارکباد ہور ویساکھی دی وی ڈھیر ودھیاں
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات