جنریشن ان لمیٹڈ منصوبہ پاکستان کے نوجوانوں کو جامع مدد فراہم کرنے کے ہمارے وژن کے مطابق ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کا لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کی تقریب میں اظہار خیال

جمعرات 18 اپریل 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور یونیسیف کے درمیان تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ جنریشن ان لمیٹڈ منصوبہ پاکستان کے نوجوانوں کو جامع مدد فراہم کرنے کے ہمارے وژن کے مطابق ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری کردہ بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار وزیراعظم یوتھ پروگرام اور یونیسیف کے درمیان پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے جنریشن ان لمیٹڈ منصوبے کے تحت 20 ملین ڈالر سرمایہ کاری کے لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کے دوران کیا ۔

وزیر اعظم ہائوس میں منعقدہ دستخط کی تقریب میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر محمد علی ملک نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

یونیسیف کی نمائندگی کرنے والے پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے عبداللہ فادل، لاریسا برون اور موم سلیم کے ساتھ تھے۔اس موقع پر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے دونوں اداروں کے درمیان تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ جنریشن ان لمیٹڈ منصوبہ پاکستان کے نوجوانوں کو جامع مدد فراہم کرنے کے ہمارے وژن کے مطابق ہے، یہ سرمایہ کاری ہمیں ہماری نوجوان آبادی کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات پر عمل درآمد کرنے کے قابل بنائے گی۔

"جنریشن ان لمیٹڈ (جین یو) ایک عالمی شراکت ہے جو نوجوانوں کو پیداواری اور مصروف شہری بننے کے قابل بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ جنریشن ان لمیٹڈ ثانوی عمر کی تعلیم اور تربیت کو روزگار اور کاروبار سے جوڑتا ہے، ہر نوجوان کو کام کی دنیا میں ترقی کرنے کے لیے بااختیار بناتا ہے۔20 ملین ڈالر جنریشن ان لمیٹڈ منصوبے کے تحت مختلف پروگراموں کو نافذ کرنے کے لیے استعمال کیے جائیں گے جو نوجوانوں کی تعلیم، ہنر مندی کی ترقی اور روزگار کے امکانات پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔

پسماندہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر خصوصی زور دیا جائے گا، اس شراکت داری میں پرائیویٹ سیکٹر اقوام متحدہ کے سٹیک ہولڈرز کو راغب کرےگا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ تعاون نوجوانوں کی نمائندگی کو یقینی بنائے گا اور فیصلہ سازی کے اہم عمل میں ان کی آواز کو بڑھا ئے گا۔پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور یونیسیف کے درمیان یہ تعاون نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے اور پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔